حکومت نے کورونا کی وجہ سے بند تمام تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ سنا دیا

اسلام آباد (پی این آئی)تعلیمی اداروں میں بڑے پیمانے پر طلبا کی ویکسی نیشن ہو چکی، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کورونا کی وجہ سے بند تمام تعلیمی ادارے جلد از جلد کھولنے کا فیصلہ ۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ چونکہ تعلیمی شعبے میں وسیع پیمانے پر ویکسینیشن ہوچکی ہے ، تعلیمی ادارے جلد از جلد دوبارہ کھلنے چاہئیں۔

اس سلسلے میں ایک سفارش این سی او سی کو کروں گا۔واضح رہے کہ چند روز قبل نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی اوسی) نے کورونا پابندیوں میں توسیع کا فیصلہ کیا تھا۔این سی او سی کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا تھا کہ24 حساس اضلاع میں تعلیمی ادارے مزید ایک ہفتے کیلئے پندرہ ستمبر تک بند رہیں گے، توسیع کا فیصلہ کورونا کی صورتحال اور ہیلتھ سسٹم پر دباؤ کے باعث کیا گیا۔وفاقی وزیر اور چیئرمین این سی اوسی اسد عمر کی زیرصدارت اعلٰی سطحی اجلاس ہوا، جس میں کورونا پھیلاؤ کی صورتحال، کیسز کی شرح، ایس اوپیز پر عملدرآمد سمیت ویکسی نیشن کی رفتار کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں این سی اوسی نے کورونا پابندیوں میں توسیع کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ24 حساس اضلاع میں تعلیمی ادارے مزید ایک ہفتے کیلئے بند رہیں گے، توسیع کا فیصلہ کورونا کی صورتحال اور ہیلتھ سسٹم پر دباؤ کے باعث کیا گیا۔اس سے قبل 29 اگست کو کورونا پابندیوں کا دائرہ 13اضلاع سے بڑھا کر 27 اضلاع تک کیا گیا تھا اور پابندیوں کا اطلاق 4 سے 12 ستمبر تک کیا گیا تھا۔اب ملک بھر کے 24 اضلاع میں کورونا پابندیوں میں ایک ہفتے کی توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے، اسلام آباد، پنجاب کے 11اضلاع، خیبرپختونخواہ کے 9، سندھ ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے دو، دواضلاع شامل ہیں۔متاثرہ اضلاع میں ان ڈور اور آؤٹ ڈور اجتماع پر پابندی برقرار رہے گی، تمام ان ڈور جیمز پر پابندی برقرار رہے گی، انٹرسٹی ٹرانسپورٹ پر پابندی برقرار رہے گی۔15ستمبر کو صورتحال کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا، دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار 62 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 84 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 4 ہزار 136 مریض شفایاب ہو گئے، مثبت کیسز کی شرح 6 اعشاریہ 43 فیصد ہو گئی۔ پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 9 لاکھ 51 ہزار 140 افراد کو کورونا وائرس کی ویکسین دی گئی، اب تک کل 6 کروڑ 55 لاکھ 5 ہزار 999 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں ،اب تک 2 کروڑ 9 لاکھ 12 ہزار 15 افراد کی مکمل ویکسینیشن ہو چکی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں