لاہور (پی این آئی)پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کسی وقت بھی حکومت توڑ کر ایوان اقتدار سے بھاگ سکتے ہیں، اقتدار کا خواب دیکھنے والوں کے لیے کوئی مشین کارآمد نہیں ہو گی۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن سمیت کوئی ادارہ عام انتخابات میں ووٹ چوری نہیں کرے گا۔
عام انتخابات پی ٹی آئی کی خواہش کے مطابق نہیں ہوں گے،صاف شفاف ہوں گے، حکمرانوں نے تین سال میں عوام کو کیا دیا جو اسے عام اتنخابات میں ووٹ دیں گے۔صحافیوں سے گفتگو میں مزید کہا کہ عوامی مینڈیٹ کو تسلیم کیا جائے گا۔ریٹائرمنٹ کے قریب ایس ایچ او کی بھی اہمیت ختم ہو جاتی ہے اور وہ اپنی عزت بچا کر جاتا ہے،اس لیے اب عمران خان کو سہولت دستیاب نہیں رہی اس لیے وہ ایسی مشکل میں پھنس چکے ہیں کہ کسی وقت بھی اپنی حکومت توڑ کر ایوان اقتدار سے بھاگ سکتے ہیں مگر ن لیگ انہیں بھاگنے نہیں دے گی۔انہوں نے کہا کہ دوسری بار اقتدار کا خواب دیکھنے والوں کے لیے کوئی مشین کارآمد نہیں ہو گی۔انہوں نے کہا عمران خان نے سیاسی میدان کو بھی کرکٹ کا میدان سمجھا مگر وہ بری طرح ناکام ہوئے۔جھوٹ بولنے، عوام کے ساتھ کیے گئے ہر وعدے اور دعوے سے منحرف ہونے والے کی اب کوئی حیثیت نہیں رہی۔دوسری جانب انسداد منشیات کی عدالت نے پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر اور رکن قومی اسمبلی رانا ثناء اللہ کے خلاف منشیات کیس کی سماعت کرتے ہوئے کیس کی آئندہ سماعت 25 ستمبر تک کے لئے ملتوی کردی ہے گزشتہ روز سماعت کے موقع پر رانا ثناء اللہ کے وکیل نے (ن) لیگی رہنما کی جانب سے عدالت حاضری معافی کی درخواست بھی پیش کی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں