کراچی(آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کراچی کے ترجمان و رکن سندھ اسمبلی جمال صدیقی نے ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کے بیان پرردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مرتضیٰ وہاب کے پاس ایڈمنسٹریٹر کا منصب ایسے ہے جیسے بندر کے ہاتھ میں ادرک۔ مرتضیٰ وہاب بلدیہ عظمیٰ کو اپنی جاگیر سمجھنا چھوڑدیں۔ جیالے ایڈمنسٹریٹر میونسپل ٹیکس کے نام پر عوام سے 200 روپے کا بھتہ لینے کے خواہشمند ہیں۔
پارٹی سیکریٹریٹ انصاف ہاوس سے جاری اپنے بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت صفر کارکردگی پر میونسپل ٹیکس کس بنیاد پر وصول کرنا چاہتی ہے۔شوکت خانم کی فنڈ ریزنگ کا پیسہ مریضوں کے علاج پر خرچ کیا جاتا ہے۔ شوکت خانم کا فنڈز پیپلز پارٹی کی طرح دبئی منتقل نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرتضیٰ وہاب ایڈمنسٹریٹر بننے کے بعد سے اپنے ہوش و حواس کھو چکے ہیں۔ سندھ حکومت نے جیالے ایڈمنسٹریٹر کو اختیارات سونے کی تھال میں رکھ کر دیے ہیں۔ سندھ حکومت نے اس سے قبل مئیر کو بے اختیار رکھا۔ پیپلز پارٹی کا ماضی حال اور مستقبل عوام جانتے ہیں یہ کبھی کراچی سے مخلص نہیں ہیں۔ سندھ حکومت نے کراچی کو ہمیشہ پیسہ بنانے کی مشین کی طرح استعمال کیا ہے۔ جمال صدیقی کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت ایڈمنسٹریٹر کے ذریعے کراچی کے مال پر ہاتھ صاف کرنا چاہتی ہے۔ سندھ حکومت کو ان کے سیاہ مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔##/s#
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں