اسلام آباد (پی این آئی)جرمنی کا تجارتی وفد دورہ پاکستان کے دوران سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرے گا۔ سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ فارینہ مظہر نے جرمن وفد کے آئندہ دورہ پاکستان کو قومی معیشت کیلئے مثبت قرار دیا ہے۔ سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ فارینہ مظہر سے جرمنی کے سفیر برنارڈ سٹیفن سچلاجک نے یہاں سرمایہ کاری بورڈ میں ملاقات کی ہے۔سرمایہ کاری بورڈ سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر جرمن سفیر نے کہا کہ تجارتی وفد آئندہ ہفتے اپنے دورہ کے دوران سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرے گا۔ ان
ہوں نے کہا کہ لفتھانسا بھی تجارتی وفد کا حصہ ہو گی جو پاکستان میں فضائی آپریشن کے دوبارہ شروع کرنے میں(13سال بعد) گہری دلچسپی رکھتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وفد کراچی اور اسلام آباد کے دورہ کے دوران نجی شعبہ کے سرمایہ کاروں کے ساتھ ساتھ اعلی حکام سے بھی ملاقاتیں کرے گا۔ سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ فارینہ مظہر نے کہا کہ ہم بی او آئی میں وفد کا استقبال کریں گے اور ہر طرح کی ممکنہ معاونت فراہم کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ سیمنز گلوبل سی ایف او کے حکام سے ملاقات میں کمپنی کے پاکستان میں کاروبار کی وسعت کے حوالہ سے حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔ سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ نے ملک میں سرمایہ کے پرکشش مواقع اور سہولیات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اصلاحات موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور سرمایہ کاروں کی معاونت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔انہوں نے جرمنی کے سفیر کو خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری پر دس سالہ ٹیکس مراعات سے بھی آگاہ کیا اور رواں سال نومبر سے ون ونڈو آپریشن کے اجراء کے بارے میں بھی بتایا۔انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اس سے پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ حاصل ہو گا۔ انہوں نے کاروباری آسانیوں کی فراہمی کے انڈیکس میں ہونے والی نمایاں بہتری سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ اس میں مزید اضافہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کاروباری شعبہ کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور اس حوالہ سے جامع اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں تاکہ دنیا بھر کے ممالک سے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے راغب کیا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ سام سنگ اور یونی کلو جیسے بڑے گروپ جلد ہی ملک میں اپنا کاروبار شروع کر رہے ہیں۔ انہوں نے جرمن سفیر کو یقین دلایا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے قائم سرمایہ کاری بورڈ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر طرح کی ممکنہ معاونت فراہم کرنے کیلئے پر عزم ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں