تم نے خود الیکشن کمشنر کو تعینات کیا اور اب الزام تراشی شروع کردی، سابق وزیراعظم نواز شریف کی حکومت پر شدید تنقید

لندن (پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ہرقدم پر قوم سے زیادتی اور پاکستان کو زخم لگائے جارہے ہیں، اونٹ رے اونٹ تیری کون سی کل سیدھی، تم نے خود الیکشن کمشنر کو تعینات کیا اور اب الزام تراشی شروع کردی، ہم ملک وقوم کے ساتھ زیادتی کو کبھی برداشت نہیں کریں گے۔

انہوں نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کل ہر کام پاکستان میں اُلٹا ہی ہورہا ہے کوئی سیدھا کام ہورہا ہو تو کچھ کہیں نا، اونٹ رے اونٹ تیری کون سی کل سیدھی۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے متعلق کہا کہ بڑا دکھ ہے کہ سارے زخم پاکستان کو پہنچ رہے ہیں، الیکشن کمشنر پر حکومت جو الزامات لگا رہی ہے ملک وقوم کے ساتھ زیادتی کررہے ہیں، چیف الیکشن کمشنر کوعہدے کیلئے نامزد کرنے والے بھی یہی تھے اب اسی چیف الیکشن کمشنر کے خلاف الزام تراشی شروع کردی گئی ہے؟ پاکستان کو چلنے دو اور آگے بڑھنے دو، ہر قدم پر تم پاکستان کو زخم لگا رہے ہو اور ملک وقوم کے ساتھ زیادتی کررہے ہو،ہم پاکستان اور قوم کے ساتھ زیادتی کو کبھی برداشت نہیں کریں گے۔نوازشریف نے کہا کہ وکلاء نے پاکستان کے آئین کی بات کی پاکستان کے قانون کے احترام کی بات کی,پاکستان میں جمہوریت اور جس مقصد کیلیے پاکستان بنایا گیا تھا اس کی بات کی۔ میرا تو ایجنڈا اور مسلم لیگ ن کی ساری جدوجہد ہی یہی ہے ، دل کو بڑی تسلی ہوتی ہے جہاں سے بھی آئین اور قانون کی بالادستی کی کیلئے آواز اٹھائی جاتی ہے، وکلاء کا آئین وقانون کے اٹھنا ملک وقوم کیلئے خوشی کا پیغام ہے۔دوسری جانب ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب کی ہدایت پر وزرا نے الیکشن کمیشن اور آئین پر حملہ کیا ہے وزراء کی طرف سے الیکشن کمشن کے خلاف دھونس،دھمکی،غنڈہ گردی اور دہشت گردی کی گئی الیکشن کمشن کی توہین کی گئی الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 10 کے تحت وزراء کو سزا دی جائےاور نااہل کیا جائے۔ الیکشن کمشن پر حملہ انتخابات میں دھاندلی کے منصوبے کا حصہ ہے سوال کرو تو این آر او نہیں ملے گا،کرپشن، چوری پر سوال گرو تو این آر او نہیں دوں گا آٹا چینی چوری پر سوال کرو تو این آراو نہیں دوں گا الیکڑانک ووٹنگ مشین پر سوال کرو تو این آر او نہیں ملے گا۔انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات پر بات کرو تو این آر او نہیں ملے گاملک پر عوام اور آئین دشمن حکومت مسلط ہے پی ایم ہاؤس دھاندلی کا ہیڈ کوارٹر بن چکا ہے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close