وفاقی وزیر اعظم سواتی کے الیکشن کمیشن پر سنگین الزامات نا نوٹس لے لیا گیا، قانونی کارروائی کا امکان

اسلام آباد(پی این آئی) چیف الیکشن کمشنرسکندرسلطان راجہ نے وفاقی وزیر اعظم سواتی کے الزامات کا نوٹس لے لیا، چیف الیکشن کمشنر نے الیکشن کمیشن کو آگ لگانے اور پیسے لینے کے الزامات پر سخت برہمی کا اظہار کیا، چیف الیکشن کمشنر نے کاروائی کیلئے قانونی آپشنز پر غور کیلئے سوموار کو اجلاس طلب کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے سینیٹر تاج حیدر کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔

الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر اور الیکشن کمیشن حکام میں تلخ کلامی ہوگئی۔ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر اعظم سواتی نے اجلاس میں کہا کہ الیکشن کمیشن پارلیمان کا مذاق بنارہا ہے، الیکشن کمیشن نے پیسے پکڑے ہوئے ہیں۔ایسے اداروں کو آگ لگا دیں ۔ آئین سے الیکشن کمیشن کو نکال دینا چاہیے، آئینی ترمیم کرکے عام انتخابات کرانے کا اختیار حکومت وقت کو دینا چاہئیے، الیکشن کمیشن ماضی کے انتخابات میں دھاندلی کوراتا رہا ہے۔وزیر ریلوے اعظم سواتی کے بیان پرالیکشن کمیشن حکام آگ بگولہ ہو گئے۔ الیکشن کمیشن حکام اجلاس سے واک آؤٹ کرگئے۔ علی محمد خان الیکشن کمیشن حکام کو منانے کے جتن کرتے رہے۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی میں پیش آنے والے واقعے سے متعلق اسپیشل سیکرٹری ظفراقبال نے چیف الیکشن کمشنر کو آگاہ کیا، جس پر چیف الیکشن کمشنرسکندرسلطان راجہ نے وفاقی وزیر اعظم سواتی کے الزامات پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پیر کو الیکشن کمیشن کا خصوصی اجلاس طلب کرلیا ہے، اجلاس میں تمام ممبران کو شرکت کی ہدایت کی گئی ہے۔چیف الیکشن کمشنر نے ڈی جی لاء کو قانونی آپشنز پر بریفنگ دینے کی بھی ہدایت کی۔ دوسری جانب وفاقی حکومت نے چیف الیکشن کمشنر سے استعفے کا مطالبہ کردیا ہے، وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے وزراء کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کی سب سے بڑی جماعت کے عدم اعتماد کے بعد چیف الیکشن کمشنر مستعفی ہوجائیں، چیف الیکشن کمشنر کو چاہیے کہ وہ اپنے عہدے سے الگ ہوجائیں، الیکشن کمیشن کے خلاف جوڈیشل کمیشن کے پاس بھی جاسکتے ہیں، 2013 کے الیکشن کےبعد عمران خان نے کہا 4 حلقوں کو کھولیں، شاہد خاقان عباسی اینڈ کمپنی معاملے کو متنازع بنا رہے ہیں، عمران خان نے بہت بڑی تحریک کا آغاز کیا تھا، عدالت نے کہا الیکشن کمیشن پر لوگوں کو اعتماد نہیں ہے، 2018 کے الیکشن میں عوام نے عمران خان پراعتماد کا اظہارکیا۔فواد چودھری نے کہا کہ تحریک انصاف کے منشور میں الیکشن شفاف بنانے کا وعدہ کیا گیا، الیکشن شفاف بنانے کیلئے ٹیکنالوجی کا استعمال چاہتے ہیں، الیکشن کمیشن کی منطق عجیب وغریب ہے۔ اس کے برعکس اپوزیشن جماعت ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب کی ہدایت پر وزرا نے الیکشن کمیشن اور آئین پر حملہ کیا ہے وزراء کی طرف سے الیکشن کمشن کے خلاف دھونس،دھمکی،غنڈہ گردی اور دہشت گردی کی گئی الیکشن کمشن کی توہین کی گئی الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 10 کے تحت وزراء کو سزا دی جائےاور نااہل کیا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close