ہفتے اور اتوار کو کاروبار بند، باقی پانچ دنوں میں کتنے بجے تک مارکیٹیں کھلی رہیں گی؟ فیصلہ دیا گیا

کراچی (پی این آئی) سندھ حکومت نے جمعہ کو کاروباری سرگرمیاں بحال کرنے کی اجازت دے دی، تاجرایکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ ہفتے میں اتوار کو کاروبار بند ہوگا، کاروباری اوقات رات 10 بجے تک کر دیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق کنوینر تاجرایکشن کمیٹی رضوان عرفان نے کہا کہ وزیربلدیات نے ہمیں یقین دہانی کرائی ہے کل کاروباری سرگرمیوں کی اجازت ہوگی، اس لیے کل تمام مارکیٹیں کھولی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر بلدیات ناصر شاہ نے کل کاروباری سرگرمیاں بحال کرنے سے متعلق تمام ڈی سی ایز اور ایڈیشنل آئی جی کو اطلاع بھی کردی ہے، ہفتے میں اتوار کو کاروبار بند ہوگا جبکہ کاروباری اوقات رات 10 بجے تک کر دیئے گئے ہیں اور ریسٹورنٹس کو رات 12 بجے تک ڈائنگ آؤٹ کی اجازت ہے۔دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار 62 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 84 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 4 ہزار 136 مریض شفایاب ہو گئے، مثبت کیسز کی شرح 6 اعشاریہ 43 فیصد ہو گئی۔ملک بھر میں کورونا وائرس کے اب تک 26 ہزار 497 مریض انتقال کر چکے ہیں اس موذی وائرس کے کل مریضوں کی تعداد 11 لاکھ 94 ہزار 198 ہو چکی ہے۔ملک بھر میں ہسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 91 ہزار 589 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 5 ہزار 383 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 10 لاکھ 76 ہزار 112 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 63 ہزار 161 ٹیسٹ کیئے گئے، اب تک کل 1 کروڑ 82 لاکھ 86 ہزار 469 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔ پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 9 لاکھ 51 ہزار 140 افراد کو کورونا وائرس کی ویکسین دی گئی، اب تک کل 6 کروڑ 55 لاکھ 5 ہزار 999 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں ،اب تک 2 کروڑ 9 لاکھ 12 ہزار 15 افراد کی مکمل ویکسینیشن ہو چکی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close