اورنج لائن ٹرین پر سفر کرنے والوں کیلئے بری خبر، کرایوں میں مرحلہ وار اضافے کی تیاریاں

لاہور (پی این آئی) اب اورنج لائن میٹرو ٹرین پر سفر کیلئے زیادہ پیسے دینا ہوں گے، پنجاب حکومت نے کرایوں میں مرحلہ وار اضافے کی سمری منظوری کیلئے وزیر اعلیٰ کو بھجوا دی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب نے لاہور میں ملک کے سب سے بڑے ماس ٹرانزٹ منصوبے اورنج لائن کے خسارے کو کم کرنے کیلئے اہم اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اورنج لائن میٹر ٹرین کی آمدن بڑھانے کیلئے کرائے میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کے ذرائع کے مطابق اورنج لائن ٹرین کے کرائے مرحلہ وار بڑھائے جائیں گے۔ فکسڈ کرایہ 40 روپے کی بجائے 30 روپے سے 70 روپے تک مقرر کیا جائے گا، نئے کرایوں کی منظوری وزیراعلیٰ پنجاب دیں گے، جنہیں باقاعدہ سمری منظوری کیلئے بھجوا دی گئی۔بتایا گیا ہے کہ اورنج لائن ٹرین پر یومیہ 2 لاکھ 45 ہزار افراد کے سفرکرنے کی توقع تھی تاہم یہ تعداد اب تک صرف 70 ہزار مسافروں تک محدود رہی ہے۔توقع سے کم مسافروں اور آمد کی وجہ سے حکومت کو اس منصوبے کیلئے سالانہ 5 ارب روپے سے زائد کی سبسڈی دینا پڑتی ہے، جسے کم کرنے کیلئے مختلف اقدامات اٹھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس سے قبل گزشتہ ماہ بھی اورنج لائن میٹرو ٹرین کے کرایوں میں تبدیلی کے حوالے سے تجاویز دی گئی تھیں۔ اورنج لائن ٹرین کا 5 کلومیٹر کا کرایہ 20 روپے، 5 سے 10کلومیٹر سفر کا کرایہ 30 روپے، 10سے 15 کلومیٹر کا کرایہ 40 روپے کرنے کی تجویز دی گئی۔جبکہ 15سے 20 کلومیٹر سفر کا کرایہ 50 روپے، 20 سے 25 کلومیٹر سفر کا کرایہ 60 روپے کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔ دوسری جانب ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں 165 ارب روپے کے قرض سے چلائی جانے والی اورنج لائن ٹرین نے پنجاب کی معیشت پر مزید بوجھ ڈال دیا ہے۔ جس کے نتیجے میں چین سے لئے گئے 165 ارب روپے کے قرض کی سود سمیت پہلی قسط کی واپسی کی رقم میں مزید ایک ارب روپے کا اضافہ ہوگیا ہے۔ جس کے بعد پنجاب حکومت چین کو قرض کی پہلی قسط کے طور پر 17 ارب روپے ادا کرے گی۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پہلی قسط کی رقم 15 ارب روپے تھی جو مارچ 2021ء میں 16 ارب روپے ہوگئی اور اب ڈالر کی قیمت بڑھنے کے بعد یہی رقم 17 ارب روپے تک پہنچ گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close