ملتان(آئی این پی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم نے اپنے کارڈز سنبھال کر رکھے ہوئے ہیں وقت آنے پرشو کریں گے،پیپلز پارٹی نے سیاسی جمود کو توڑ دیا،ہم پر جو مسلط کئے گئے ہیں ہم انہیں نہیں مانتے، دیگر سیاسی جماعتوں کے لئے حکومتوں کا بندوست کیا جاتا ہے، پاکستان پیپلز پارٹی عوامی بندوبست سے آتی ہے ،افغان مسئلے پر عمران خان تنہائی کا شکار ہیں، حکومت کو افغان پالیسی سمیت اہم ایشوز کو پارلیمان
میں لانا ہو گا، میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مجوزہ بل پر ہمارے شدید تحفظات ہیں، عمران خان کو سوچنا چاہئیے کہ میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مجوزہ بل کے معاملے پر حکومتی اتحادی بھی ان کے ساتھ نہیں۔بدھ کو ملتان میں پرنٹ میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافیوں سے ملاقات میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وسیب کے عوام نے میرا والہانہ استقبال کیا، جس پر میں ان کا شکرگزار ہوں، لوھراں، ڈیرہ غازی خان اور وہاڑی میں عوام کی بڑی تعداد نے میرا استقبال کیا، ملک میں صرف پاکستان پیپلزپارٹی اپوزیشن کررہی ہے،ہماری پارٹی میں مختلف سیاسی رہنماؤں کی شمولیت دیگر پارٹیوں میں ہلچل پیدا کر رہی ہے،پاکستان پیپلز پارٹی نے سیاسی جمود کو توڑ دیا ہے،ہم پر جو مسلط کئے گئے ہیں، ہم انہیں نہیں مانتے، ہم نے اپنے کارڈز سنبھال کر رکھے ہوئے ہیں،
وقت آنے پر اپنے کارڈرز شو کریں گے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن جب بھی ہوں گے ، اب اقتدار میں جیالے ہی آئیں گے، ہمارے جلسوں میں عام عوام آتے ہیں، ہم عوام کی طاقت پر یقین رکھتے ہیں،دیگر سیاسی جماعتوں کے لئے حکومتوں کا بندوست کیا جاتا ہے، پاکستان پیپلز پارٹی عوامی بندوبست سے آتی ہے، دوسری پارٹیاں تو اٹھتی اور بیٹھتی بھی دوسروں کے اشاروں پر ہیں،افغان مسئلے پر وزیر اعظم عمران خان تنہائی کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو افغان پالیسی سمیت اہم ایشوز کو پارلیمان میں لانا ہو گا،انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف ایکشن پلان جو کولڈ سٹوریج میں ہے، اسے باہر نکالنا ہو گا، پی ٹی آئی نے پہلے 100 دن میں صوبہ بنانا ہوتا تو اب تک آرام سے بن چکا ہوتا، تین سال بعد جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کا قیام صرف ایک لولی پاپ ہے۔انہوں نے کہا کہ میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مجوزہ بل پر ہمارے شدید تحفظات ہیں، ہیومن رائٹس واچ نے بھی میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مجوزہ بل پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے، چوہدری پرویز الہی بھی میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مجوزہ بل پر اپنے تحفظات کا اظہار کررہے ہیں، عمران خان کو سوچنا چاہئیے کہ میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مجوزہ بل کے معاملے پر حکومتی اتحادی بھی ان کے ساتھ نہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں