جنید صفدر کے نکاح میں ہونے والے اخراجات پر تنقید، مریم نواز نے خاموشی توڑ دی، کھری کھری سنا دیں

لاہور (پی این آئی)حسد کا کوئی علاج نہیں،حسد کرنے والے حسدمیں جلتے رہیں گے اور حسد میں ہی ختم ہو جائیں گے، جنید صفدر کے نکاح پر ہونے والے اخراجات سے متعلق حکومتی الزامات ، مریم نواز کا سخت رد عمل۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹیلی ویژ ن چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے جنید صفدر کے نکاح پر ہونے والے اخراجات سے متعلق حکومتی الزامات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ حسد کا کوئی علاج نہیں۔

حسد کرنے والے حسدمیں جلتے رہیں گے اور حسد میں ہی ختم ہو جائیں گے۔ مسلم لیگ ن کی مر کزی رہنمااور سا بق وزیر اعظم نوازشریف کی صاحبزادی مر یم نواز نے نجی ٹی وی سے گفتگو کر تے ہو ئے کہا کہ یہ ان لوگوں کا طریقہ ہے جن کے پاس کرنے کیلئے کوئی ٹھوس بات نہیں۔اس طرح کے معاملات کو اچھالنا اور اندر سے کہانیاں گڑھ لینا کوئی اچھی سیاست نہیں۔ ہم بھی چاہیں تو بہت کچھ کہہ سکتے ہیں۔مریم نواز کا بلاول کو تگڑا جواب،کہا کہ عوام جس مشکل میں ہیں اپوزیشن اپنا کردار ادا نہیں کر رہی۔ عوام مہنگائی اور لاقانونیت میں جس طرح پس رہے ہیں اپوزیشن کو اس وقت عوام کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے ۔واضح رہے کہ مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کے نکاح کی تقریب گزشتہ دنوں لندن میں ہوئی تھی۔تقریب میں سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف سمیت مختلف مہمانوں نے شرکت کی تھی۔مریم نواز نے بیٹے کے نکاح کی تقریب میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، جبکہ جاتی امرا کو بھی برقی قمقموں سے سجایا گیا تھا۔مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے جنید صفدر کے نکاح کی تقریب میں ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے بھی ڈالے اور ایک دوسرے میں مٹھائیاں تقسیم بھی کیں۔تاہم اسی دوران ن لیگ مخالف کارکنان نے شادی کے رنگ میں بھنگ ڈال دیا اور ہوٹل کے باہر احتجاج کیا تھا۔ حکومتی اراکین کی جانب سے مریم نواز کے بیٹے کی شادی میں ہونے والے اخراجات پر بھی تنقید کی گئی تھی، جس پر مریم نواز نے سخت ردعمل دے دیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں