اسلام آباد(آئی این پی) نیشنل الیکٹرک اینڈ پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا)نے سیپکو پر 2 کروڑ 80 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔تفصیلات کے مطابق سیپکو(سکھر)میں جولائی 2019 سے نومبر 2020 تک کرنٹ لگنے سے شہریوں کی اموات کے معاملے پر نیپرا نے سیپکو پر 2 کروڑ 80 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا ہے۔نیپرا کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ مدت کے دوران بجلی سے 20 افراد کی ہلاکتیں ہوئی تھیں، جس پر اتھارٹی نے
تحقیقات کے لیے 3 ارکان پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی تھی، نیپرا تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ میں 20 میں سے 11 اموات میں سیپکو کو قصور وار قرار دیا گیا۔نیپرا کا کہنا ہے کہ 11 اموات میں 4 سیپکو کے ملازمین جب کہ 7 عام لوگ تھے، اتھارٹی نے نیپرا ایکٹ کے تحت سیپکو کو شوکاز نوٹس بھی جاری کیا، اور سماعت کا موقع دیا۔نیپرا کے مطابق سیپکو ضابطہ اخلاق اور حفاظتی معیارات کو برقرار رکھنے کے لیے قانونی ذمہ داریاں سرانجام دینے میں ناکام رہا، سیپکو نیپرا کے طے کردہ معیارات کے مطابق اتھارٹی کو اموات کی اطلاع دینے میں بھی ناکام رہا۔اتھارٹی نے سیپکو کو سوگوار خاندانوں کو سیپکو ملازمین کے برابر 35 لاکھ فی کس معاوضہ ادا کرنے کی ہدایت کی، اور کہا کہ معاوضے کی تفصیلات اتھارٹی کے ساتھ شیئر کی جائیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں