ذوالفقاربھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کے مشن کو ہر صورت میں پورا کریں گے، بلاول بھٹو زرداری

لودھراں(آئی این پی)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر ہم اسی طرح سے کام کرتے رہے تو دنیا کی کوئی طاقت ہمیں وفاق اور پنجاب میں حکومت بنانے سے نہیں روک سکتی،ہم مل کر پاکستان کے غریب عوام کو ریلیف دیں گے،گذشتہ تین سالوں سے عوام مشکلات کا شکار ہیں عوام کے لئے شہید قائد عوام اور شہید بینظیر بھٹو نے شہادت قبول کی تھی اور ہم ان کے مشن کو ہر صورت میں پورا کریں گے،لودھراں کے پیسے

سے پی ٹی آئی کی حکومت قائم ہوئی تھی لیکن اب پی ٹی آئی کا جنازہ بھی لودھراں ہی سے نکلے گا۔منگل کو کہروڑ پکہ کے مقام پر پارٹی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ ہم مل کر پاکستان کے غریب عوام کو ریلیف دیں گے۔ اگر کسی پارٹی نے چھوٹے کسانوں، محنت کشوں ، نوجوانوں اور خواتین کے لئے کچھ کیا ہے تویہ پاکستان پیپلزپارٹی ہی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی دونوں کی معاشی پالیسیاں غریبوں کے خلاف امیروں کو فائدہ پہنچاتی ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ اس طرح پاکستان ترقی کرے گا لیکن ایسا کبھی نہیں ہوا ۔ پی پی پی کا منشور شہید ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا ایک ہی رہا ہے انہوں نے کہا کہ ہماری معاشی پالیسی غریبوں کو فائدہ پہنچاتی ہے اور وقت ثابت کر چکا ہے کہ

اسی منشور پر عمل کرتے ہوئے پاکستان نے ہمیشہ ترقی کی ہے۔ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کے دولخت ہو جانے کے بعد ملک کو غریبوں کے ذریعے اپنے قدموں پر کھڑا کر دیا تھا اور چھوٹے کسانوں کو زمین کا مالک بنا دیا تھا جس کے بعد پاکستان نے ترقی کرنا شروع کر دی تھی۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے دور میں عوام ایک ہی نعرہ لگاتے تھے” بینظیر آئے گی روزگار لائے گی”۔ صدر زرداری بھی اپنے دور میں غریبوں کے ساتھ کھڑے رہے اور انہوں نے خواتین کے لئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام دیا۔ اس وقت یہ دونوں پارٹیاں ہم پر تنقید کرتی تھیں کہ ہم پیسے ضائع کر رہے ہیں لیکن وقت نے ثابت کر دیا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے بعد ملک کی معیشت بڑھنا شروع ہو جاتی ہے۔ صدر زرداری امیروں کی بجائے تنخواہ دار طبقے کے ساتھ کھڑے ہوئے اور انہوں نے تنخواہوں میں 120فیصد اور پنشن میں 100 فیصد اضافہ کیا۔ اب اگر آپ بھی غریبوں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہتے ہیں تو اس ملک کے عوام کے لئے پیپلزپارٹی کی حمایت کرنا ہوگی تاکہ قائد عوام اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن اور خواب کو پورا کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کہا جاتا ہے کہ پی ٹی آئی کی بنیاد لودھراں میں رکھی گئی تھی اور لودھراں کے پیسے سے پی ٹی آئی کی حکومت قائم ہوئی تھی لیکن اب پی ٹی آئی کا جنازہ بھی لودھراں ہی سے نکلے گا۔ گذشتہ تین سالوں سے عوام مشکلات کا شکار ہیں عوام کے لئے شہید قائد عوام اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے شہادت قبول کی تھی اور ہم ان کے مشن کو ہر صورت میں پورا کریں گے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جس میں چاہے شہید قائد عوام کے دور میں جئے بھٹو کا نعرہ لگایا ہو یا شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے دور میں، پارٹی کو ان کی ضرورت ہے۔ پارٹی کو ان کی ضرورت عوام کو بچانے کے لئے ہے۔ مجھے آپ سب کی ضرورت ہے تاکہ میں پنجاب اور پاکستان کو بچا سکوں۔ اگر ہم اسی طرح محنت سے کام کرتے رہے تو ہم اس کٹھ پتلی کو بھگائیں گے اور عوامی راج قائم کریں گے اور پاکستان پیپلزپارٹی کا ایک جیالا وزیراعظم ہوگا اور پنجاب میں ایک جیالا وزیراعلی ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close