ججز، بیوروکریٹس کو اضافی پلاٹس الاٹمنٹ فیصلے کیخلاف انٹر کورٹ اپیل کی سماعت، شوکت عزیز، نواز شریف کو بھی نوٹس جاری

اسلام آباد (آئی این پی)اسلام آباد ہائیکورٹ میں اعلیٰ عدلیہ کے ججز اور بیوروکریٹس کو اضافی پلاٹس کی الاٹمنٹ کے فیصلے کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت ہوئی، عدالت نے وفاقی حکومت، سی ڈی اے، سیکریٹری داخلہ کو نوٹس جاری کردیے،چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل بینچ نے تحریری حکمنامہ جاری کردیا ،جیورسٹ فائونڈیشن نے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے پر نیب تحقیقات کی استدعا کی ،چیف جسٹس اطہر من اللہ

نے ریمارکس دیے کہ یہ تو وفاقی حکومت نے دیکھنا ہے، فیصلہ تو قانون سازوں نے کرنا ہے، آپ کیا چاہتے ہیں کہ ہم اس عدالتی فیصلے کو کالعدم قرار دے دیں؟درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ میں چاہتا ہوں قومی خزانے کو پہنچنے والے نقصان کی ریکوری کی جائے،عدالت نے وزیراعظم عمران خان کو بذریعہ پرنسپل سیکریٹری، رجسٹرار سپریم کورٹ کو نوٹس جاری کردیا، جبکہ عدالت کی جانب سے سابق وزرا ئے اعظم شوکت عزیز اور نواز شریف کو بھی نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا گیا ،اسلام آباد ہائیکورٹ نے سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ اور سیکرٹری داخلہ کو بھی نوٹس جاری کردیا، جبکہ نیب، وزارت ہائوسنگ، فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ فائونڈیشن اور سی ڈی اے کو بھی نوٹس جاری کر دئیے گئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں