کراچی ( آن لائن ) سندھ میں 17سال سے زائد عمر کے طلبہ کو کوویڈ ویکسی نیشن لگانے کے حوالے سے ڈائریکٹوریٹ پرائیوئٹ انسٹی ٹیوشنز سندھ میں پرائیوئٹ اسکولز ایسوسی ایشنز کے سربراہان کا اہم اجلاس پیر کومنعقد ہوا۔ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن سندھ ڈاکٹر منسوب حسین صدیقی نے اجلاس کی صدارت کی جبکہ نجی اسکو لوں کی ایسوسی ایشنز کے سربراہان پر مشتمل گرینڈ الائنس آف پرائیویٹ اسکولز ایسو سی ایشنزسندھ کے وفد نے
نجی تعلیمی اداروں میںویکسینیشن مہم کو کامیاب بنانے کے حوالے سے تجاویز دیں ۔ ڈاکٹر منسوب حسین صدیقی نے وفد کو وزیر تعلیم سندھ کی زیر صدارت اجلاس میں کئے گئے فیصلوں سے آگاہ کیا گیا اور اجلاس میں بتایا گیا کہ حکومت سندھ کے اعلان اور این سی او سی کی ہدایات کے مطابق 17سال اور اس سے زائد عمر کے طلبہ و طالبات کو ویکسینیشن لگوائی جائے گی جس کے لئے والدین سے ان کی رضامندی دیئے جانے کا فارم جمع کیا جائے گا، صرف ان طلبہ و طالبات کو ویکسین لگائی جائے گی جن کے والدین یہ فارم جمع کروائیں گے۔اجلاس کے شرکاء کو بتایا گیا کہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کی جانب سے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف پر مشتمل ایک ٹیم اسکولوں اور کالجز میں جا کر ویکسینیشن کا عمل انجام دے گی اور ہر طالب علم کو
ابتدائی میڈ یکل ایگزامینیشن کے بعد ہی ویکسین لگائی جائے گی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کی ٹیم میںڈائریکٹوریٹ پرائیوئٹ انسٹی ٹیوشنز سندھ اور پرائیوئٹ اسکولز ایسوسی ایشنز کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔ پرائیوئٹ اسکولز اور کالجز طلبہ و طالبات کی ویکسینیشن کے لئے زیادہ سے زیادہ والدین کو آمادہ کریں گے۔علاوہ ازیں ڈاکٹر منسوب حسین صدیقی نے اجلاس میں ہدایات جاری کیں کہ تمام نجی اسکولز کووڈ ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں، اسکولوںمیں طلبہ و طالبات کو متبادل ایام میں سیکشن وائز50 فیصد حاضری کے ساتھ بلائیں، رول 13 کے مطابق طلبہ و طالبات کی کل تعدادکے 10فیصد کو فری شپ یقینی بنائیں، اس کے ساتھ ساتھ 1972کے لینگویج ایکٹ اور رجسٹریشن فارم کی شق Vکے تحت سندھی مضمون کو لازمی طور پر پڑھایا جائے۔اجلاس میںرجسٹرار رفعیہ جاوید، ڈائریکٹر عبدالستار سمائر،ڈائریکٹر محمد افضال، اخلاق احمد جبکہ گرینڈ الائنس کی ایڈوائزری کمیٹی کی جانب سے آصف خان، طارق شاہ، شہزاد اختر، ناصر زیدی، جہانزیب حسین ، منور حمید، حیدر علی نے اور پاکستان پرائیوئٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے صدر انور بھٹی نے شرکت کی۔ انور بھٹی نے اپنی ایسوسی ایشن کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔بعد ازاں پیرنٹس ایسوسی ایشن کے وفد نے حمود الرب جعفری کی قیادت میں رجسٹرار پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز رفعیہ جاوید سے ملاقات کی جس میں انہوں نے طلبہ و طالبات کی ویکسی نیشن کے حوالے سے اپنے تحفظات پیش کئے جس پر ان کے تحفظات دور کرتے ہوئے انہیں بتایا گیا کہ کسی بھی طالب علم کو اسکے والدین کی مرضی کے بغیر ویکسین نہیں لگائی جائے گی ۔ویکسین 17 سال سے کم عمر بچوں کا لگائی جائے گی اور نہ ہی ویکسین نا لگوانے والے طلبہ پر تعلیم کے دروانے بند کئے جائیں گے، بلکہ والدین کو ترغیب دی جائے گی کہ وہ اپنے بچوں کی صحت کے تحفظ کے لئے ویکسین لگوائیں، طلبہ و طالبات کو لگائی جانے والی ویکسین فائزر ہے ان یقین دہانیوں پر انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ بھی والدین کو ترغیب دلائیں گے کہ وہ اپنے بچوں کو ویکسین لگوائیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر محمد افضال اور اخلاق احمد بھی موجود تھے ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں