ہم عمران خان کو معاف نہیں کریں گے، ان سے حساب لیں گے، اگلی حکومت کس کی ہو گی؟ بڑا دعویٰ آگیا

ڈیرہ غازی خان(پی این آئی) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان نے عوام کے ووٹ، جیب اور پیٹ پر ڈاکہ مارا ہے،ہم عمران خان کو معاف نہیں کریں گے، ان سے حساب لیں گے، کارکن تیاری کریں، آنے والی حکومت پیپلزپارٹی کی ہو گی، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب جیالا ہوگا۔نجی ٹی وی کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس علاقے سے ہمارا تین نسل پرانا رشتہ

ہے،عمران خان نے آپ کے ووٹ، آپ کی جیب، آپ کے پیٹ اور آپ کے حقِ روزگار پر ڈاکا مارا ہے، ملک کا ہر شہری اس وقت تکلیف میں ہے،سب پریشان ہیں کہ یہ کون سے نیا پاکستان ہے جہاں تاریخی مہنگائی، غربت اور بیروزگاری ہے؟نئے پاکستان کےنام سے ملک پرمسلط ہونےوالاعذاب ہرشہری کے لئے پریشانی کا باعث بن چکا ہے،اس کٹھ پتلی کو گھر بھیج کر ملک میں عوامی راج قائم کرنے کیلئے اس جدوجہد میں ہمارا ساتھ دیں،مجھے جدوجہد میں عوام کی مدد کی ضرورت ہے۔انہوں نےکہاکہ قائدعوام کےدورمیں کسان کو زمین کامالک بنادیا گیاتھااورلوگوں کوروزگارملتا تھا لیکن اب ہم پر ’نیا پاکستان‘ مسلط کیا گیا ہے، پیپلزپارٹی کے دور میں کسان خوشحال تھا، ملکی معیشت ترقی کررہی تھی اور ہم نے گندم برآمد کرنا شروع کردی تھی، پیپلزپارٹی کے جانے کے بعد عوام لاوارث ہوگئے ہیں اور کوئی عوام کے لیے بولتا بھی نہیں ہے، کارکن تیاری کریں، آنے والی حکومت پیپلزپارٹی کی ہو گی، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب جیالا ہوگا، سرائیکی عوام کے لیے وسیب بنا کر رہوں گا۔انہوں نے کہا کہ شہداء کی لازوال قربانیاں، فوجی جوانوں کا غیرمتزلزل عزم اور عوام کا ناقابل تسخیر اتحاد ہماری طاقت اور ہمارے روشن مستقبل کی ضمانت ہے، پیپلز پارٹی کی جدوجہد پاکستان کو مضبوط سے مضبوط تر بنانے کے لیے ہے،یوم دفاع منانے کا مقصد پاکستان کی جغرافیہ، اس کے نظریے اور جمہوریت کا تحفظ کرنا ہے۔ پی پی پی چیئرمین نے

نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک کے پہلے منتخب وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو تھے، جنہوں نے قوم کو ایٹمی پروگرام کا تحفہ دیا، جبکہ یہ ان کی دختر وزیر اعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو تھیں، جنہوں نے ملک کو میزائل ٹیکنالوجی پروگرام دیا، تاکہ ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا جائے۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وہ تمام فوجی جوان، جنہوں نے پاکستان کے دفاع کے لیے اپنی جانیں قربان کیں، ہماری قومی تاریخ کے ناقابل فراموش ہیرو ہیں،میں یوم دفاع کے موقع پر پوری قوم کی جانب سے اپنے شہداء کے خاندانوں کو مکمل یکجہتی کا یقین دلاتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ وہ ان تمام شہریوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں، جنہوں نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں، قائد اعظم محمد علی جناح کے فلسفے کی روشنی میں نظریہ پاکستان کی پیروی مضبوط دفاع کے ساتھ کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں