گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال کوئٹہ کے حوالے سے اہم اعلان

کوئٹہ (آن لائن )گورنر پنجاب و چیئرمین سرور فائونڈیشن چوہدری محمد سرور نے کوئٹہ کے معروف معالج ڈاکٹر یاسر خوستی کی درخواست پر ہیپی ٹائٹس بی اور سی کے مریض کی تشخیص کے لئے 10 ملین روپے کی لاگت سے بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال کوئٹہ میں پی سی آر مشین نصب کرانے کا اعلان کردیا ۔ اس بات کا اعلان انہوں نے گزشتہ روز معروف معالج ڈاکٹر یاسر خوستی سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان سید ظہور آغا اور وزیر اعلی بلوچستان کے اسپیشل اسسٹنٹ ملک عادل خان بازئی بھی موجود تھے ۔ ملاقات کے دوران ڈاکٹر یاسر خوستی نے گورنر پنجاب و چیئرمین سرور فائونڈیشن چوہدری محمد سرور کو بلوچستان میں ہیپی ٹائٹس کی خطرناک صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان میں ہیپی ٹائٹس کے مریضوں میں آئے روز اضافہ ہورہا ہے بڑھی تعداد میں مریض بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال کوئٹہ کا رخ کررہے ہیں ، مریضوں کی تعداد میں اضافہ نے صوبے میں خطرے کی گھنٹی بجادی اس لئے ضروری ہے کہ ہیپی ٹائٹس کی روک تھام اور اس مہلک بیماری میں مبتلا مریضوں کا بروقت اور فوری علاج کیا جائے ۔ ڈاکٹر یاسر خوستی نے سرور فائونڈیشن کی جانب سے ہیپی ٹائٹس کے خاتمے کے لیے کردار کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بلوچستان میں ہیپی ٹائٹس بی اور سی کے مریض کی تشخیص کے لیے پی سی آر مشین فراہم کیا جائے جس پر گورنر پنجاب و چیئرمین سرور فائونڈیشن چوہدری محمد سرور نے 10 ملین روپے کی لاگت سے بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال کوئٹہ میں جلد پی سی آر مشین نصب کرانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بطور چیئرمین سرور فائونڈیشن ان کی کوشش رہی ہے کہ صحت ، پانی سمیت دیگر شعبوں میں عوام کے لئے سہولیات فراہم کئے جائیں ۔#/s#

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں