سلیکٹڈ وزیراعظم نے 20ہزار خاندانوں سے روٹی کپڑا مکان چھینا، پیپلز پارٹی کا منشور ہی ملک کو بحران سے نکال سکتا ہے، چیئر مین پیپلز پارٹی

ملتان(آئی این پی) پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو نے کہا کہ آنیوالا وقت پیپلز پارٹی کا ہوگا عوام خوشحال ہوگی، ملک کو بحران سے ہمارا منشور نکال سکتا ہے، انہوں نے ان خیالات کا اظہار ہفتہ کے روز جنوبی پنجابکے مختلف علاقوں میں سیاسی شخصیات سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو نے دربار حضرت خواجہ سلیمان تونسوی کے سجادہ نشین پیر خواجہ عطااللہ شاہ سے ملاقات کی جنہیں پارٹی کا فیڈرل کونسل کا ممبر تعینات کیا گیا، ملتان سے مسلم لیگ ق کے ٹکٹ ہولڈر میاں مظہر عباس اور مظفرگڑھ سے ایم کیوایم کے ٹکٹ ہولڈر رانا امجد علی امجد نے ملاقات کی اور باقاعدہ پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا،بلاول بھٹو سے دو مرتبہ قومی اسمبلی کا رکن منتخب ہونے والے لیہ سے سابق وفاقی وزیر بہادر خان سیہڑ نے بھی ملاقات کی ، بہادر خان سیہڑ نے چیئرمین پیپلز پارٹی کو 11ستمبر کو لیہ میں عشائیے میں شرکت کی دعوت دی، لیہ آمد پر بہادر خان سیہڑ پاکستان پیپلزپارٹی میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کریں گے۔ بہادر سیہٹر ق لیگ سے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کریں گے، سیاسی شخصیات سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم نے 20 ہزار خاندانوں سے روٹی کپڑا مکان چھینا مگر آنیوالے وقت پیپلز پارٹی کا ہوگا عوام خوشحال ہوگی، ملک کو بحران سے ہماری پارٹی اور ہمارا منشور نکال سکتا ہے، ہمارے نوجوان اس مشن کو آگے لیکر جائیں گے، آنے والا وقت آپکا ہے اور آپکی حکومت ہوگی،دوسری طرف بلاول بھٹو پی پی پی کے سابق ضلعی سینئر نائب صدر علی حیدر زمان گردیزی کی رہائش گاہ پر بھی گئے جہاں بلاول بھٹو زرداری نے علی حیدر زمان گردیزی سے ان کے بھائی کرنل (ر)ناصر زمان گردیزی، ان کے بہنوئی مخدوم راجو گردیزی کے انتقال پر بھی تعزیت کی، بلاول بھٹوکے ہمراہ صدر جنوبی پنجاب مخدوم احمد محمود، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، فیصل کریم کنڈی، خواجہ رضوان عالم اور نتاشہ دولتانہ ، سید عبدالقادر گیلانی، ایم پی اے علی حیدر گیلانی، عبدالقادر شاہین اور حیدرزمان قریشی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close