سید علی گیلانی کی امانت کو کشمیری اور پاکستانی آگے لیکر بڑھیں گے،وفاقی وزیر اطلاعات کا پیغام

اسلام آباد(آئی این پی ) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ سید علی گیلانی کی فکر حریت کی شمع آزادی کے حصول تک روشن رہے گی، ان کی امانت کو کشمیری اور پاکستانی آگے لیکر بڑھیں گے۔ فواد چودھری نے سینئر حریت رہنما سید علی گیلانی کی وفات پر ویڈیو پغام میں کہا ہے کہ سیدعلی گیلانی کی رحلت کشمیری اور پاکستانی عوام پر بجلی بن کر گری ہے، سیدعلی گیلانی کی روشن کی ہوئی شمع کشمیری اور پاکستانی عوام کیلئے امانت ہے، یہ شمع اس وقت تک روشن رہے گی جب تک کشمیری عوام آزادی حاصل نہیں کرلیتے۔ فواد چودھری کا کہنا تھا کہ سید علی گیلانی کی تمام عمر کشمیری اور پاکستانی عوام کی محبت میں گزری، آپ نے ساری زندگی کشمیری عوام کی آزادی کیلئے جدوجہد کی، 1947 میں شروع ہونیوالا کشمیر کی آزادی کا سفر اب تک جاری ہے، پاکستانی عوام اور وزیراعظم عمران خان کی طرف سے سید علی گیلانی کی وفات پر اظہار افسوس کرتا ہوں، جدوجہدآزادی کے عظیم مجاہد کو ہم سلام پیش کرتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close