سندھ ،پانچ لاکھ بچوں نے سرکاری اسکولوں کو خیر باد کہہ دیا

کراچی(آئی این پی)صوبہ سندھ میں کرونا وبا کے باعث 5لاکھ بچوں نے سرکاری اسکولوں کو خیر باد کہہ دیا،نجی ٹی وی کے مطابق سندھ کی ایک سرکاری رپورٹ میں سرکاری اسکولوں میں داخلوں میں نمایاں کمی کا انکشاف کیا گیا ہے،سندھ سرکار کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی عالم گیر وبا کے اثرات اسکولوں میں داخلوں پر بھی مرتب ہوئے ہیں، اور سرکاری اسکولوں کی انرولمنٹ 46لاکھ سے کم ہو کر 41لاکھ ہوگئی ہے،سیکریٹری اسکول ایجوکیشن اکبر لغاری کی جانب سے دیے گئے اعداد و شمار کے مطابق سرکاری اسکولوں میں 41لاکھ بچوں کی انرولمنٹ ہوئی ہے،سندھ سرکار نے داخلوں میں نمایاں کمی کی وجہ کرونا وبا قرار دے دیا، سیکریٹری کا کہنا تھا کہ کورونا کے باعث داخلہ مہم نہ چلانے کے سبب سرکاری اسکولوں میں داخلوں کا رحجان کم رہا، انھوں نے کہاکہ گزشتہ 2سال کے دوران کووِڈ کی صورت حال کے باعث داخلہ مہم نہ چل سکی،وزیر تعلیم کو سیکریٹری اسکول ایجوکیشن کی جانب سے اسکولز کی انرولمنٹ کے حوالے سے تفصیلی ڈیٹا شیئر کر دیاگیا ہے، وزیر تعلیم سندھ نے بھی اس کی تصدیق کر دی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں