سید علی گیلانی کا غائبانہ نماز جنازہ پاکستان بھر میں اور آزادکشمیر کے تمام ڈویژنل و ضلعی سطح پر ادا کیا گیا

مظفرآباد (آئی این پی) تحریک آزادی کشمیر کے عظیم راہنماء سید علی گیلانی کا غائبانہ نماز جنازہ پاکستان بھر میں اور آزادکشمیر کے تمام ڈویژنل و ضلعی سطح پر ادا کیا گیا۔حکومت آزادکشمیر نے راہنماء حریت کانفرنس سید علی گیلانی کی وفات پر آزادکشمیر بھر میں عام تعطیل کی گئی۔ ریاستی پرچم سرنگوں رہا اور حکومت آزادکشمیر کی جانب سے سید علی گیلانی کی وفات پر 3روزہ سوگ منایا جائے گا ۔ غائبانہ نماز جنازہ میںصدرآزادکشمیر، وزیر اعظم آزادکشمیر ، وزراء ،ممبران اسمبلی ، حریت کانفرنس کے رہنمائوں اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی۔ وفاقی دارالحکومت میں پارلیمنٹ ہائوس کے سبزہ زار میں غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں صدر پاکستان عارف علوی، صدرآزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری ، وزیر اعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی ، چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی ، ارکان پارلیمنٹ اور حریت قیادت نے شرکت کی۔مظفرآباد،میرپور ، کوٹلی ، بھمبر ، راولاکوٹ ، سدھنوتی، باغ ،حویلی ، نیلم اور جہلم ویلی میں بھی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔ اس موقع پر سید علی گیلانی کے بلندی درجات او رمقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیںاور سید علی گیلانی کے انتقال پر دکھ اور رنج کا اظہا ر کیا گیا۔ مرحوم راہنما کی تحریک آزادی کشمیر کے لیے لازوال قربانیوں اور گراں قدر خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس موقع پر مرحوم کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا گیا اور دعائیں کی گئیں کہ اللہ تعالیٰ سید علی گیلانی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطاء فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے اور ان کی تحریک آزادی کشمیر کے لیے خدمات کو شرف قبولیت بخشے۔ اس عزم کا بھی اظہار کیا گیا کہ سید علی گیلانی کے مشن کی تکمیل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close