پاکستان بھر میں سید علی گیلانی کے غائبانہ نماز جنازہ کے اجتماعات

اسلام آ باد / لاہور /پشاور کراچی(آئی این پی ) پاکستان بھر میں بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کے غائبانہ نماز جنازہ ادا کئے گئے،پارلیمنٹ ہاوس کے سبزہ زار گرانڈ میں صدر عارف علوی اور وفاقی وزرا نے علی گیلانی کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی ۔ تفصیلات کے مطابق جدوجہد آزادی کشمیر کے بے باک و نڈر سالار اور بزرگ حریت رہنما سیدعلی گیلانی کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے اور انہیں قابض بھارتی فوجیوں نے زبردستی سری نگر کی حیدر پورہ جامع مسجد کے احاطے میں دفن کردیا گیا۔ دوسری جانب پاکستان بھر میں سید علی گیلانی کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔ اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاوس کے سبزہ زار میں سید علی گیلانی کی نماز جنازہ ادا کی گئی، جس میں صدرعارف علوی، چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی، چئیرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی، وفاقی وزرا، ارکان پارلیمنٹ سمیت وزیراعظم آزاد کشمیرعبدالقیوم نیازی نے بھی شرکت کی، جب کہ نماز جنازہ میں صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود اور وزیراعلی گلگت بلتستان خالد خورشید نے بھی شرکت کی ۔ شرکا نے مرحوم حریت رہنما کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور ان کی مغفرت کی دعا کی۔ صدرمملکت عارف علوی نے میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کی قرارداد پربھروسہ کیا ورنہ کب کا کشمیر آزاد کرا چکے ہوتے۔ تحریک انصاف کی جانب سے پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب کے دفتر میں حریت رہنما سید علی گیلانی کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی، نماز جنازہ سینیٹر اعجاز چودھری نے پڑھائی جس میں پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب کے صدر سینیٹر اعجاز احمد۔ صوبائی وزیر شوکت علی لالیکا ئائب صدر عامر گجر، رہنما پی ٹی آئی عمر چیمہ۔ سرفراز ڈوگر، عرفان عباسی، عاطف چوہدری اور دیگر نے شرکت کی۔ جماعت اسلامی کی جانب سے ملک کے مختلف مقامات پر حریت رہنما کی غائبانہ نمازجنازہ ادا کی گئی، امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی اقتدا میں منصورہ لاہور میں ہونے والے نماز جنازہ میں درجنوں افراد نے شرکت کی۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ دنیا میں کوئی کرنسی ایسی نہیں تھی جس سے سید علی گیلانی کو خریدا جاتا، پاکستان کی حکومت نے کشمیریوں کے لیے کچھ نہیں کیا، حکمران سال میں ایک بار تقریر کر کے سمجھتے ہیں کہ انہوں نے کشمیریوں کا فرض ادا کر دیا، حکومت پاکستان اپنی ذمہ داری ادا کرے اور سید علی گیلانی کی لاش نہ دینے پر سراپا احتجاج بن جائے۔ جماعت اسلامی کے زیراہتمام پشاور میں بھی بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی، جس میں جماعت اسلامی کے رہنماں عنایت اللہ خان، ضلعی امیر عتیق الرحمن اور حافظ حشمت سمیت دیگرنے شرکت کی۔ جامعہ کراچی میں سید علی گیلانی کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی، نمازِ جنازہ میں جامعہ کے طلبا نے شرکت کی، سید علی گیلانی کی غائبانہ نماز جنازہ گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج لیپہ کے احاطہ میں بھی ادا کی گئی۔ بھمبرمیں بھی مرحوم کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close