سیالکوٹ(پی این آئی)مسلم لیگ(ن )کےمرکزی رہنمااورممبرقومی اسمبلی خواجہ محمدآصف نےکہاہےکہ حالات تیزی سےبدلنےوالے ہیں ، بہت جلدنواز شریف پاکستان آجائیں گے ، عوام سے رابطہ مہم کا آ غا ز کریں گے، میاں نواز شریف چوتھی مرتبہ وزیر اعظم منتخب ہو جائیں گے ، جنہوں نے مسلم لیگ ن کےلئے گڑھے کھودے، وہ اب خود ان گڑھوں میں گرنے والے ہیں ،موجودہ حکومت کا اصل مقصد انتقام اور مافیا کو پالنا ہے، ہمارا ماضی بھی بے داغ تھا ،حال بھی بے داغ ہے اور مستقبل بھی بے داغ رہے گا۔میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئےخواجہ آصف نے کہا کہ جتنی کرپشن موجود حکومت میں ہو رہی ہے ،اس کی ماضی میں کہیں کوئی مثال نہیں ملتی ،وزیراعظم عمران خان پر قوم رتی بھر اعتماد نہیں کرتی کیونکہ عوام کو بخوبی پتہ چل گیا ہے کہ ان کا وزیر اعظم یو ٹرن لینے کا بادشاہ ہے،عوام تو دن رات مو جودہ حکومت سے جان چھڑانے کے لئے دعائیں کر رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن میں کوئی اختلاف نہیں اور نہ کوئی گروہ بندی ہے بلکہ سب ایک ہیں اور ایک ایجنڈے اور پلیٹ فارم پر کام کر رہے ہیں، جو لوگ اختلاف اور گروہ بندی کی باتیں کر رہے وہ احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ سابق وزیردفاع نے کہا کہ میرے خلاف نیب میں جو انکوائریاں چل رہی ہیں ان انکوائریوں میں سرخرو ہوں گا،میں حکمرانوں کو واضح کر ناچاہتاہوں کہ وہ اوچھے ہتھکنڈوں سے باز آ جائیں،مسلم لیگ ن کےخلاف جھوٹے ریفرنس دائر کرنے اور جھوٹی انکوائریاں و جھوٹے مقدمات دائر کرنے سے پرہیز کریں ورنہ آ نے والے کل کو حساب دینا پڑے گا اور اس حساب میں کوئی رعایت نہ برتی جائے گی۔انھوں نے کہا کہ حکومت نے صوبائی اسمبلی پنجاب کے حلقہ پی پی 38 کے ضمنی اور آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں کھلم کھلا دھاندلی کر کے مسلم لیگ ن کے امیدواروں کو شکست دلوائی ، اب حکومت 12 ستمبر کو کنٹونمنٹ بورڈ کے ہونے والے انتخابات میں دھاندلی کا پلان بنا چکی ہے، اگر ایسا ہوا تو مسلم لیگ ن اپنا رد عمل کر ے گی۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ( پی ڈی ایم) اب حکومت کا خاتمہ کر کے دم لے گی، پیپلزپارٹی نا قابل اعتبار ہے اور اس نے ہمیشہ دھوکہ دیا لیکن مسلم لیگ ن موجودہ حکومت کے خلاف اپنا مشن جاری رکھے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں