بلاول بھٹو کا پی ڈی ایم سے لانگ مارچ سے قبل استعفے دینے کا مطالبہ

کراچی(آئی این پی)چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے حکومت مخالف سیاسی اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم ) سے لانگ مارچ سے قبل استعفے دینے کا مطالبہ کر دیا تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو نے ملک میں فی الفور صاف و شفاف الیکشن کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کے لیے دعا گو ہیں، منگل کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا استعفوں کے بغیر لانگ مارچ بنتا نہیں ہے، اب لانگ مارچ کا اعلان کیا ہے تو امید ہے کہ پہلے استعفے دیں گے کیونکہ دوستوں نے کہا تھا کہ لانگ مارچ استعفوں کے بنا نہیں ہونا چاہیے،انہوں نے کہا کہ اپوزیشن سنجیدہ ہے تو پہلے بزدار اور پھر عمران کے لیے تحریک عدم اعتماد لائے ، تحریک عدم اعتماد لائیں تو جمہوریت بحال ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت تاریخی مہنگائی، غربت اور بیروزگاری ہے،چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے دعوی کیا کہ یہ پی ٹی آئی کی پہلی اور آخری حکومت ہے۔ انہوں نے میڈیا اتھارٹی کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی سینیٹ اور قومی اسمبلی میں میڈیا کی آزادی کے لیے آواز اٹھائے گی، ان کا کہنا تھا کہ حکومت آزادی صحافت پر حملہ کررہی ہے،بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوام خدمت پر یقین رکھتی ہے، لوگ اب نوجوان قیادت چاہتے ہیں، ان کا دعوی تھا کہ آئندہ کچھ عرصے میں بہت بڑی تعداد میں لوگ پیپلزپارٹی میں شامل ہوں گے،چیئر مین پیپلز پارٹی نے کہا کہ حکومت کو سیاسی سرگرمیوں سے نقصان پہنچنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کچھ دوست ضمنی اور سینیٹ الیکشن میں حصہ نہ لینے پر بضد تھے لیکن پھر اپوزیشن نے حصہ لیا تو کامیابی ملی، بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کے عوام تبدیلی کا اصل چہرہ دیکھ چکے ہیں،انہوں نے کہا کہ عوام نے (ن )لیگ کے بعد خان صاحب کی کارکردگی بھی دیکھ لی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close