مولانا فضل الرحمن نے اپنے پائوں پر خود کلہاڑی ماری ہے ،فضل الرحمن کی پارٹی سندھ میں پی ٹی آئی کی اتحادی ہے، فیصل کریم کنڈی

اسلام آباد(آئی این پی) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے اپنے پائوں پر خود کلہاڑی ماری ہے۔ مولانا فضل الرحمن کی پارٹی سندھ میں پی ٹی آئی کے اتحادی ہیں۔ مولانا کی طر ف سے پیپلزپارٹی کے مخالف بیان سے نہ عوام کو کوئی فائدہ ہوگا اور نہ ہی حکومت کو کوئی نقصان پہنچے گا۔ پیرکو اپنے بیان میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اپوزیشن کا اپوزیشن کے خلاف بیان بازی کرنا حکومت کو مضبوط کرنے کے مترادف ہے۔ پیپلزپارٹی کے بغیر پی ڈی ایم کا بیانیہ عوامی پذیرائی سے محروم ہوتا نظر آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی عوام اور جمہوریت کے لئے جدوجہد تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائے گی۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خواتین پر پی ڈی ایم کے جلسے میں داخلہ ممنوع ہونا مریم نواز کے لئے بھی لمحہ فکریہ ہے۔ خواتین کو نمائندگی سے محروم رکھ کر مولانا فضل الرحمن نے اپنی ساکھ کو خود نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین معاشرے کا بڑا اور اہم ترین حصہ ہیں۔ جنہیں سیاسی عمل سے دور رکھنا ہرگز قابل قبول نہیں ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close