اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی گرفتاری کا اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کیسز کے فیصلے آنے والے ہیں، لگتا نہیں، شہباز شریف زیادہ دیر جلسوں سے خطاب کرسکیں گے۔فواد چوہدری نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو مشورہ دیا کہ وہ سیاست چھوڑ کر وکیلوں سے مشورے کریں۔انہوں نے شہبازشریف کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہو ئے کہا کہ شہبازشریف نے مزار قائد پر مضحکہ خیز پریس کانفرنس کی۔فواد چوہدری نے شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ لاکھوں لوگوں کا اسلام آباد میں اجتماع کرنیکی بجائے اپنے بھائی کو لندن سے بلائیں تاکہ وہ پاکستان میں اپنے خلاف مقدمات کا سامنا کریں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ ایک طرف نواسے کی شادی پر کروڑوں خرچ ، دوسری طرف عوام کیلئے منہگائی کا رونا، شہباز شریف سیاست چھوڑیں اپنے وکیلوں کے ساتھ مشورہ کریں۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ مضبوط کیسز کی بدولت لگتا نہیں کہ شہبازشریف زیادہ دیر جلسوں سے خطاب کرسکیں گے۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پوری دنیا کی توجہ افغانستان پر ہے لیکن مسلم لیگ ن نے اس بارے میں ایک لفظ نہیں کہا، ن لیگ کی لیڈر شپ عالمی طاقتوں کی حمایت جیسے حاصل کرنا چاہتی ہے وہ باعث شرم ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن میں پارٹی کی صدارت کیلئے ٹاس ہوتا ہے اس بار شہباز شریف صدر ہیں اگلی باری مریم نواز ، پھر شاہد خاقان عباسی کی ہوگی۔ واضح رہے کہ باغ جناح کراچی میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ فضل الرحمان کی قیادت میں لاکھوں کا سمندر لے کر اسلام آباد جائیں گے اور حکومت کو دفن کریں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں