وزیراعظم عمران خان نے عوام کو سستی بجلی کی فراہمی کی خوشخبری سنا دی

اسلام آباد (پی این آئی) عوام کو نئے ڈیموں کی تعمیر کے ذریعے سستی بجلی کی فراہمی یقینی بنائیں گے، وزیر اعظم عمران خان کی واپڈا کو ڈیموں کی تعمیر مقررہ مدت میں مکمل کرنےکی ہدایت- تفصلات کےمطابق وزیر اعظم عمران خان نے ملک میں ڈیموں کے تعمیراتی کام مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان سے چیئرمین واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین نے ملاقات کی اور بڑے ڈیموں کی تعمیر پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔وزیراعظم عمران خان نے ڈیموں کی تعمیر میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے ہدایت کی کہ ڈیموں کا تعمیراتی کام مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے اقدامات یقینی بنائیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نئے ڈیموں کی تعمیر وقت کی اہم ضروارت ہے،نئے ڈیموں کی تعمیر پانی کی ضروریات پورا کرے گی۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ نئے ڈیموں کی تعمیر سستی بجلی کی فراہمی بھی یقینی بنائے گی۔واضح رہے کہ چند روز قبل ملک میں نئے ڈیموں کی تعمیرکے لیے جمع کی گئی رقم ڈیموں پر لگانے کے بجائے سرمایہ کاری کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ قومی اسمبلی کے وقفہ سوالات کے دوران وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الہٰی کی طرف سے دیے گئے تحریری جواب میں کہا گیا کہ چیف جسٹس پاکستان کی جانب سے دیامر بھاشا و مہمند ڈیم کی تعمیر کے لیے 10 جولائی 2018 کو فنڈ قائم کیا گیا تھا۔وفاقی وزیر کے مطابق سپریم کورٹ کی ویب سائٹ سے حاصل معلومات کے مطابق فنڈ میں کل 12 ارب 93 کروڑ 40 لاکھ سے زائد رقم جمع ہوئی ہے۔ قومی اسمبلی کو بتایاگیا کہ ڈیموں کی تعمیر کے لیے جمع کی گئی رقم سے سرمایہ کاری کردی گئی ہے،ٹریژری بلز پر کل 12 ارب 93 کروڑ 40 لاکھ روپے سے زائد کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ وزیر آبی وسائل مونس الہی کے مطابق اس وقت دیامر بھاشا مہمند ڈیم کے فنڈ کے اکاؤنٹ میں کل 7 لاکھ 99 ہزار 358 روپے کی رقم موجود ہے۔ خیال رہےکہ ملک میں پانی کی قلت پر قابو پانےکے لیے سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے نئے ڈیموں کی تعمیرکے لیے ڈیم فنڈ قائم کیا تھا تاکہ جمع شدہ رقم سے نئے ڈیمز تعمیر کیے جاسکیں، فنڈ میں عوام سے چندہ دینے کی اپیل بھی کی گئی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close