کراچی /اسلام آباد(آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف نے کراچی میں برسوں سے جاری بدامنی اور بھتہ خوری کو ختم کرکے شہر کا امن بحال کیا ،عمران نے چند ٹکوں کے علاوہ سندھ کی ترقی کیلئے رقوم مہیا نہیں کیں،مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں کرپٹ حکومت کو سیاسی طور پر دفن کر دیں گے۔کراچی میں اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے میاں شہباز شریف نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعطم عمران خان جب 2019 میں کراچی آئے تو 162 ارب روپے کے ترقیاتی پروگرام کا اعلان کیا تھا اور پھر 2020 میں جب شدید بارشیں ہوئیں اور سیلاب آگیا تھا تو پھر عمران خان نے 1100 ارب روپے بڑا پیکیج کا اعلان کیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ مجھے بلاول بھٹو نے بتایا کہ اس 1100 ارب کے منصوبے میں حکومت سندھ نے خطیر رقم لگایا ہے لیکن عمران خان نے سندھ اور کراچی کی محرومیوں کے علاوہ کچھ نہیں کیا ہے اور جھوٹے وعدوں پر عوام کو ٹرخایا جارہا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ آپ کو یاد ہوگا کہ جب اس شہر میں بھتہ خوری عروج پر تھی، بند بوری پر لاشیں ملتی تھیں، پرچیاں جاتی تھیں کہ کروڑوں روپے فلاں کو دے دو، خوف کا ماحول تھا اور لوگ پنجاب منتقل ہونا شروع ہوئے اور کاروباری لوگوں نے اپنے خاندان دبئی منتقل ہوئے۔انہوں نے کہا کہ پھر نواز شریف نے شہر اور ملک کے اندر تمام اداروں، یہاں کی حکومت کے ساتھ مل کر اور کاروبارحضرات کے مشورے کے ساتھ ایک مربوط منصوبہ بنایا۔ان کا کہنا تھا کہ پھر آپ نے دیکھا کراچی میں امن و امان کی جو تباہ حال صورت حال تھی، اس کو نواز شریف نے وہ امن واپس لوٹایا اور وہ خاندان واپس کراچی آگئے اور آج کراچی میں بھتہ خوری کا خاتمہ ہوچکا ہے، بند بوریوں میں لاشیں اب نہیں آتیں۔انہوں نے کہا کہ آج کراچی کی روشنیاں واپس آگئی ہیں اور پاکستان کے اندر صنعتیں دوبارہ چل پڑی ہیں، بجلی نہ ہونے کی وجہ سے جو روزگار لوگوں سے چھن گیا تھا اس کو نواز شریف کی قیادت میں یہ حقیر خدمات دی گئیں۔صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ کراچی اور سندھ کے عوام آپ کو اس کے حوالے سے اچھی طرح علم ہے لیکن آج یہ عمران خان دن رات جھوٹ بولتا ہے، دروغ گوئی کرتا ہے، یہ وہی شخص ہے جو کنٹینر پر کھڑے ہو کر کہتا تھا کہ روپیہ ڈالر کے مقابلے میں ایک روپے گر جائے تو سمجھو کہ وہ وزیراعظم کرپٹ ہے، بجلی کے بل میں اضافہ ہوجائے تو وزیراعظم کرپٹ ہے، لوگوں کو مہنگائی سے واسطہ پڑے تو حکومت کرپٹ ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ آج کیا چینی سستی ہوئی، کیا آٹا سستا ہوا، بجلی سستی ہوئی، گیس سستی ہوئی، ہر چیز اس وقت آسمان سے باتیں کر رہی ہے، عمران خان تو ساڑھے 300 کینال میں بیٹھ کر ریاست مدینہ کی بات کر رہے ہیں، اس سے بڑی اور کوئی خطا ہو نہیں ہوسکتی، حضرت عمر اور حضرت علی، حضرت عثمان اور حضرت ابوبکر کا زمانہ دیکھیں کہ کوئی بھوکا نہیں سوتا تھا اور کس طرح انصاف ملتا تھا لیکن یہ شخص آج لوگوں کو گمراہ کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ملک میں کروڑوں لوگ تباہ حال ہیں اور مہنگائی نے ان کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، اس عمران خان کو کیا پتہ جو اس محل میں رہتا ہے اور روز اپنے گھر سے دفتر ہیلی کاپٹر میں جاتا ہے، اس کو کیا پتہ ہوگا کہ لانڈھی، مہران کی وادیوں، بلوچستان کی سنگلاخ پہاڑوں، کے پی کے برف پوش اور پنجاب کے میدانوں میں غریب خاندان کس طور اپنی زندگی گزار رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن قیادت کریں گے اور ہم سب لاکھوں کے ساتھ مل کر مہنگائی کو دفن کرنے کے لیے اس جھوٹی اور کرپٹ حکومت کو سیاسی طور پر دفن کرنے کے لیے جائیں گے اور اللہ کو منظور ہوا تو یہ ہو کر رہے گا۔#/s#
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں