وقار ذکا نے رکشے میں لڑکی کیساتھ بدتمیزی کرنے والے لڑکے کی نشاندہی کرنے والوں کیلئے بڑے انعام کا اعلان کر دیا

کراچی (پی این آئی) پاکستان ٹیکنالوجی موومنٹ کے سربراہ وقار ذکا نے رکشے میں لڑکی سے بدتمیزی کرنے والے ملزم کی نشاندہی کرنے والے کیلئے ایک لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کردیا۔پولیس کی جانب سے لڑکی کے ساتھ بدتمیزی کرنے والے ملزم کا خاکہ جاری کیا گیا ہے۔ وقار ذکا نے سوشل میڈیا پر خاکہ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’پولیس کو چھوڑو مجھے یہ بدنسل شخص چاہیے۔ اس شخص کیلئے ایک لاکھ روپے کا انعام جو مجھے اس ملزم تک پہنچائے گا، بس مجھے اس بدنسل تک پہنچادو اور اپنا انعام لے جاؤ۔‘وقار ذکا کی جانب سے یہ پوسٹ کی گئی تو سوشل میڈیا صارفین نے مذاق میں اپنے دوستوں کا نام لینا شروع کردیا جس پر وقار ذکا نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ کو شکایت کرنے کی دھمکی دی۔ انہوں نے کہا کہ ’ بس دیکھتے جاؤ کہ کس طرح ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ ان لوگوں کو پکڑتا ہے جو بلا وجہ اپنے دوستوں کو ٹیگ کر رہے ہیں، یہ وقت مذاق کا نہیں ہے۔‘خیال رہے کہ یوم آزادی کے موقع پر ایک نوجوان نے رکشہ میں بیٹھی خواتین سے بدتمیزی کی اور زبردستی ایک خاتون کا بوسہ لے کر فرار ہوگیا تھا۔ واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے باوجود پولیس تاحال ملزم کو گرفتار نہیں کرپائی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close