نور مقدم کیس میں نیا موڑ، ظاہر جعفر کے مالی سے متعلق عدالت کا اہم فیصلہ

اسلام آباد(پی این آئی ) عدالت نے سابق سفیرکی بیٹی نور مقدم کے قتل کیس کے مرکزی ملزم ظاہر جعفر کے مالی جان محمدکے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید14روز کی توسیع کردی۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں جوڈیشل مجسٹریٹ میاں اظہرندیم نے نورمقدم قتل کیس کی سماعت کی۔ پولیس کی جانب سے مرکزی ملزم ظاہرجعفرکے مالی جان محمدکوجوڈیشل ریمانڈمکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا۔عدالت نے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14روز کی توسیع کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 11ستمبر تک ملتوی کردی۔ خیال رہے کہ عید الاضحیٰ کی رات وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے سیکٹر ایف سیون سے ایک سربریدہ لاش ملی تھی، جسے سابق سفیر شوکت مقدم کی 27 سالہ بیٹی نور مقدم کے نام سے شناخت کیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم ظاہر جعفر نے نور کو تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کیا بعد ازاں اس کا سر دھڑ سے الگ کردیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں