کورونا کے کیسز میں کمی، پاکستان دنیا کے پانچ بہترین ممالک میں شامل، تفصیلی رپورٹ جاری کر دی گئی

اسلام آباد (پی این آئی) کورونا وباء کے کم کیسز میں پاکستان دنیا کے 5 بہترین ممالک میں شامل ہوگیا، جبکہ بہترین ویکسین مہم میں پاکستان 30 ممالک میں شامل ہے، ایک ملین کی آبادی میں کم کیسز میں پاکستان، چین، نائیجریا، ایتھوپیا اور مصر شامل ہیں۔ رپورٹ این سی اوسی کے مطابق پاکستان کو ایک ملین کی آبادی میں کم سے کم کیسز دنیا کے 5 بہترین ممالک میں شامل کرلیا گیا ہے۔پانچ ممالک میں پاکستان، چین، نائیجریا، ایتھوپیا اور مصر شامل ہیں۔ پاکستان کورونا ویکسین مہم کے حوالے سے دنیا کے پہلے30 ممالک میں شامل ہے۔ پاکستان میں وباء کے شروع میں یومیہ 472 ٹیسٹ کی صلاحیت تھی، جس کو بڑھا کر اب 80 ہزار ٹیسٹ کر دیا گیا ہے۔ این سی اوسی نے بتایا کہ اب تک ہیلتھ کیئر سسٹم میں 7043 آکسیجن بیڈز شامل کیے گئے ہیں۔آکسیجن کی پیداوار 487 میٹرک ٹن روزانہ سے بڑھا کر803 میٹرک ٹن کردی گئی، اسی طرح ایک لاکھ فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے تربیتی پروگرامز کیے گئے۔تشویشناک صورتحال مریضوں کو کی دیکھ بھال کرنے کیلئے 5 ہزار ہیلتھ کیئر ورکرز کو ٹریننگ دی گئی۔ اسی طرح پاکستان میں دو ایئرپورٹس پر کورونا کیسز کی نشاندہی کیلئے کتوں کی خدمات حاصل میں بھی پاکستان دنیا میں پہلا ملک ہے۔ دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار 16 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 95 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 3 ہزار 235 مریض شفایاب ہو گئے، مثبت کیسز کی شرح 6 اعشاریہ 42 فیصد ہو گئی۔پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے اب تک 25 ہزار 415 مریض انتقال کر چکے ہیں ، اس موذی وائرس کے کل مریضوں کی تعداد 11 لاکھ 44 ہزار 341 ہو چکی ہے۔ ملک بھر میں ہسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 92 ہزار 844 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 5 ہزار 515 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، 10 لاکھ 26 ہزار 82 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 62 ہزار 496 ٹیسٹ کیئے گئے، اب تک کل 1 کروڑ 75 لاکھ 20 ہزار 285 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 10 لاکھ 54 ہزار 924 افراد کو کورونا وائرس کی ویکسین دی گئی، اب تک کل 4 کروڑ 98 لاکھ 83 ہزار 211 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں۔

close