نورمقدم قتل، تھراپی ورکس کے مالک کی ضمانت منسوخی کیخلاف درخواست دائر

اسلام آ باد (آئی این پی ) نور مقدم کے والد شوکت مقدم نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں تھراپی ورکس کے ملازمین اور مالک کی ضمانت منسوخی کے لیے درخواست دائر کر دی۔ ایڈیشنل سیشن جج کا 6 ملزمان کو ضمانت دینے کا فیصلہ چیلنج کیا گیا ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت نے ضمانت دیتے وقت سپریم کورٹ کے طے کردہ قوانین کو نظر انداز کیا لہذا ایڈیشنل سیشن جج کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔ درخواست میں مقف اپنایا گیا کہ یہ ملزمان موقع واردات پر موجود تھے، ضمانت منسوخ نہ کی گئی تو درخواست گزار کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ استدعا کی گئی کہ انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لیے 6 ملزمان کی ضمانت منسوخ کی جائے۔ پیر 16اگست کو نور مقدم قتل کیس کی فرانزک رپورٹ میں نئے انکشافات سامنے آنے کے بعد تھراپی سینٹر کے مالک سمیت مزید 6 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔ ایڈیشنل سیشن جج عطا ربانی نے 23اگست کو تھراپی ورکس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر طاہر ظہور سمیت 6ملزمان کی ضمانتیں منظور کی تھیں۔ اسلام آباد کے علاقے ایف سیون فور میں سابق سفیر کی بیٹی نور مقدم کو عید الاضحی سے ایک دن قبل انتہائی سفاک طریقے سے قتل کردیا گیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close