آئندہ الیکشن میں جیت کا دعویٰ کرنے والی پیپلزپارٹی نے سیاست کی دو بڑی وکٹیں اڑا لیں

پشاور (پی این آئی) خیبرپختونخواہ میں جمعیت علماء اسلام کے دو رہنماؤں نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا، سابق صوبائی وزیر کشور کمار اور سابق ایم پی اے طاہر بن یامین نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت بلاول بھٹو اور آصف زرداری پاکستان کی عوام کے مسائل حک کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، پیپلزپارٹی کی قیادت نے دونوں رہنماؤں کی شمولیت کا خیرمقدم کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سیکرٹری اطلاعات پیپلزپارٹی فیصل کریم کنڈی سے جے یو آئی کے سابق صوبائی وزیر کشور کمار اور سابق ایم پی اے طاہر بن یامین نے ملاقات کی۔ جس میں ملک کی سیاسی صورتحال اور آئندہ الیکشن سے متعلق بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا اور پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔پیپلزپارٹی میں شامل ہونے والے دونوں رہنماؤں نے کہا کہ بلاول بھٹو اور آصف زرداری پاکستان کی عوام کے مسائل حک کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ فیصل کریم کنڈی نے دونوں رہنماؤں کو پیپلزپارٹی میں خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ سابق صوبائی وزیر کشور کمار اور سابق ایم پی اے طاہر بن یامین کی شمولیت سے خیبرپختونخواہ میں پارٹی مزید مضبوط اور فعال کردار ادا کرے گی۔مزید برآں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی ہوا چل پڑی، آئندہ الیکشن جیالے جیتیں گے، پنجاب میں بڑی سیاسی شخصیات جلد پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کریں گی۔ ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے بلاول ہاؤس کراچی میں ملاقات کی، ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال، آئندہ الیکشن سے متعلق حکمت عملی سمیت پیپلزپارٹی کو پنجاب میں فعال بنانے پر بات چیت کی گئی۔پنجاب میں پارٹی کی تنظیمی صورت حال پر بھی بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں پیپلزپارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور بھی شریک تھیں۔ راجہ پرویز اشرف نے قیادت کو پنجاب سے پارٹی میں شمولیت کے خواہاں افراد کے معاملے سے آگاہ کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکے، پیپلزپارٹی ملک کو بحرانوں سے نکالے گی، پیپلزپارٹی ملک میں اپوزیشن کی مضبوط اور ایک توانا آواز ہے، ہم نے ملک کے کونے کونے میں جاکر عوام دشمن پی ٹی آئی حکومت کو آئینہ دکھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی ہوا چل پڑی، آئندہ الیکشن جیالے جیتیں گے، مختلف سیاسی جماعتوں کی بڑی شخصیات رابطے میں ہیں۔

close