کراچی(آئی این پی) سی وی پر پھنسے جہاز کو کھینچنے والے تینوں رسے بیک وقت ٹوٹ گئے اور آپریشن معطل ہوگیا، جب کہ اب تک آپریشن میں 5کروڑ روپے خرچ کئے جاچکے ہیں، تفصیلات کے مطابق سی ویو کے ساحل پر 21جولائی سے پھنسے جہاز کو نکالنے کیلئے جمعرات کوایک بار پھر کوشش کی گئی، آپریشن میں ہارمنی اور اینڈیور نامی دو ٹگ، کرین بردار بوٹ اور ساحل پر نصب رنچز استعمال کیے گئے، تاہم ایک بار پھر تمام کوششیں بے سود ثابت ہوئیں، اور جہاز کو کھینچنے والے تینوں رسے بیک وقت ٹوٹ گئے، جس کے بعد آپریشن بھی معطل کردیا گیا۔جہاز کو ساحل سے سمندر کی جانب دھکیلنے کے لئے پہلے مرحلے میں جہاز کا رخ سمندر کی جانب موڑا جاتا رہا، ایک مرحلے میں جہاز کا رخ سمندر کی جانب موڑ دیا گیا تاہم ناقص منصوبہ بندی اور بغیر حکمت عملی کے باعث جہاز کو کھینچنے والے تینوں رسے بیک وقت ٹوٹ گئے، اور جہاز کا اگلا حصہ پھر سے ساحل کی جانب گھوم گیا،شپنگ ایجنٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ تیز ہوائوں کی وجہ سے جہاز نکالنے کا آپریشن ایک بار پھر ناکام ہوا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں