الیکشن کمیشن کا سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد یقینی بنانے کیلئے کیس کی ریگولر سماعت کا فیصلہ

اسلام آباد( آئی این پی) الیکشن کمیشن نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے کیس کی ریگولر سماعت کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ بدھ کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن کا اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں منعقد ہوا جوکہ 23 اگست 2021 کو الیکشن کمیشن میں ہونے والی میٹنگ کے تسلسل میں تھا جس میں سندھ گورنمنٹ کے نمائندوں کا بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے موقف کا جائزہ لیا گیا ۔ میٹنگ میں سندھ گورنمنٹ نے مردم شماری کے حتمی اعدادوشمار پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا اور موقف اختیار کیا تھا کہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 154(7)کے تحت انہوں نے مردم شماری کی حتمی اعدادوشمار درست نہ ہونے کے خلاف فیڈرل گورنمنٹ سے اپیل کی ہوئی ہے ان تحفظات کی موجودگی میں صوبہ میں لوکل گورنمنٹ انتخابات کے حوالے سے قانون سازی ممکن نہیں اور حکومت سندھ الیکشن کمیشن کو لوکل گورنمنٹس کی تعداد ، نقشہ جات اور ضروری ڈیٹا وغیر ہ مہیا نہیں کر سکتی۔ الیکشن کمیشن نے موجودہ میٹنگ میں اس بات کا اعادہ کیا کہ صوبہ میں بلدیاتی الیکشن کا انعقاد الیکشن کمیشن کی آئینی و قانونی ذمہ داری ہے اور صوبائی حکومت کو صوبہ میں الیکشن کے انعقاد کے لئے الیکشن کمیشن کی معاونت صوبائی حکو مت کی ذمہ داری ہے،اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے آج کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا ہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے الیکشن کمیشن اس کیس کی ریگولر سماعت کرے گا ۔ پہلی سماعت 7ستمبر 2021بروز منگل الیکشن کمیشن میں کی جائے گی جس میں چیف سیکرٹری گورنمنٹ آف سندھ ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور ایڈوکیٹ جنرل سندھ کو نوٹس جاری کئے جا رہے ہیں مزید اس سلسلے میں اٹارنی جنرل آف پاکستان سے بھی معاونت طلب کی جائے گی۔( ع ا)

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close