وزیراعظم کو پیوٹن کا فون، افغانستان کی صورتحال پرتبادلہ خیال

اسلام آباد(آئی این پی )وزیر اعظم عمران خان سے روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس دوران دونوں رہنمائوں نے افغانستان کی بدلتی صورتحال اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھاکہ پرامن اور مستحکم افغانستان پاکستان اور خطے کے استحکام کیلئے اہم ہے، افغان عوام کے تحفظ،سلامتی اور انسانی حقوق کے ساتھ ساتھ مسئلے کا سیاسی حل ضروری ہے۔ان کا کہنا تھاکہ افغان عوام کی سکیورٹی اور حقوق کا تحفظ یقینی ہونا چاہیے۔وزیراعظم نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری افغان عوام کی مدد کیلئے آگے بڑھے اور افغانستان میں معاشی استحکام کیلئے کردار ادا کرے۔وزیراعظم نے بدلتی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مربوط نقطہ نظر کی اہمیت پر زور دیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں