پاکستان کے ایک اور اہم ترین شہر میں جدید اور تیز ترین ٹرین سروس کے آغاز کا فیصلہ کر لیا گیا

کراچی (پی این آئی) ملک کے ایک اور شہر میں اورنج لائن ٹرین جیسی سروس کے آغاز کا فیصلہ ، شہر قائد کراچی کے سب سے بڑے ماس ٹرانزٹ منصوبے کراچی سرکلر ریلوے کیلئے الیکٹریک ٹرینوں کا استعمال کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے کے حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ شہر قائد کراچی کے سرکلر ریلوے منصوبے کیلئے جدید ترین الیکٹریک ٹرینیں چلائی جائیں گی۔اس حوالے سے وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت ہوئے اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ کراچی سرکلر ریلوے منصوبہ کل 3 مراحل پر مشتمل ہے۔ پہلے مرحلے میں 43 کلومیٹر طویل ٹریک کی تعمیر ہو گی، جس میں تقریباً 15 کلومیٹر کا ٹریک زمینی ہو گا، جبکہ 28 کلومیٹر سے زائد کا ٹریک ایلیویٹڈ ہو گا۔ پہلے فیز کیلئے کل 24 اسٹیشنز تعمیر کیے جائیں گے۔بتایا گیا ہے کہ کراچی سرکلر ریلوے کیلئے جدید الیکٹرک ٹرینیں چلائی جائیں گی، اس باعث یومیہ ساڑھے 5 لاکھ مسافر مستفید ہوں گے۔دوسری جانب بتایا گیا ہے کہ شہر قائد میں 21سال بعد چلائی جانے والی کراچی سرکلر ریلوے موجودہ حالت میں بری طرح ناکام ہوئی ہے۔ پاکستان ریلوے کو اس ٹرین سروس سے شدید مالی خسارے کا سامنا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس ٹریک سے ریلوے کو فائدے کے بجائے نقصان ہورہا ہے، کیونکہ اخراجات زیادہ ہیں اور آمدنی بہت کم۔ اس کے علاوہ یہ مختلف پھاٹکوں پر دوسری لوکل ٹرینوں کے گزرنے تک کھڑی رہتی ہے جس سے لوگوں کے وقت کا حرج ہوتا ہے۔ماہرین کے مطابق دنیا بھر کے شہروں میں لوکل ٹرینوں کی کامیابی کی ضمانت اسٹینڈرڈ گیج، لائٹ ریل اور فیڈر بس سروس کو قرار دیا جاتا ہے جبکہ کراچی سرکلر ریلوے براڈ گیج اور ہیوی انجن کے ساتھ آپریشنل کی جارہی ہے جس کی رفتار قریب ترین اسٹیشنوں کی وجہ سے تکنیکی طور پر سست رکھی گئی ہے۔ماہرین کے مطابق مسافروں کو منزل مقصود تک پہنچنے کے لیے کافی وقت لگ رہا ہے، آپریشنل لاگت بھی زیادہ آرہی ہے جبکہ فیڈر بس سروس نہ ہونے کی وجہ سے مسافروں کو اسٹیشنوں تک رسائی حاصل نہیں ہورہی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close