انا للہ وانا الیہ راجعون! نامور عالم دین کا انتقال ہو گیا

ملتان (پی این آئی)شیخ الحدیث مولانا یاسین صابر حرکت قلب بند ہونے کے باعث انتقال فرما گئے،آپ بیک وقت ملتان کے تین بڑے جامعات کے شیخ الحدیث تھے،کئ عشروں سے حدیث مبارکہ کی تدریس کی سعادت حاصل تھی۔

May be an image of 1 person

ہزاروں علماء نے آپ سے استفادہ کیا،ناظم اعلیٰ وفاق المدارس ورئیس جامعہ خیرالمدارس مولانا محمد حنیف جالندھری نے شیخ الحدیث مولانا یاسین صابر کی رحلت کو عملی حلقوں کے لیے سانحہ قرار دیا،انہوں نے کہا کہ مولانا یاسین صابر بیک وقت ملتان کے تین صف اول کے مدارس میں حدیث مبارکہ کی تدریس فرما رہے تھے،مولانا یاسین صابر کی رحلت سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پورا نہیں ہوگا،آپ کی رحلت سے ہزاروں علماء و طلبہ یتیم ہوگئے تفصیلات کے مطابق جامعہ خیرالمدارس ملتان،جامعہ عمر بن خطاب اور جامعہ قاسم العلوم ملتان کے شیخ الحدیث اور نامور عالم دین مولانا یاسین صابر اچانک حرکت قلب بند ہونے کے باعث انتقال فرما گئے-آپ گزشتہ کئ عشروں سے حدیث مبارکہ کی تدریس کے فرائض سرانجام دے رہے تھے اور ملتان شہر ہی نہیں بلکہ جنوبی پنجاب کے بزرگ ترین اساتذہ کرام میں شمار کیے جاتے تھے- آپ کے تلامذہ کی تعداد ہزاروں میں ہے- ناظم اعلیٰ وفاق المدارس اور رئیس جامعہ خیرالمدارس مولانا محمد حنیف جالندھری نے مولانا یاسین صابر کی رحلت پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تسلسل کے ساتھ ممتاز اور بزرگ علماء کرام کا دنیا سے رخصت ہونا قیامت کی نشانی اور ہم سب کے لیے لمحہ فکریہ ہے-انہوں نے کہا کہ مولانا یاسین صابر ایک ایسی ہستی تھے جو مرجع الخلائق تھے اور علم حدیث کی تدریس وتحقیق کے حوالے سے سب کی نگاہیں آپ کی ظرف اٹھتی تھیں-مولانا محمد حنیف جالندھری نے کہا کہ حضرت شیخ الحدیث صاحب کی رحلت سے پیدا ہونے والا خلاء کبھی پورا نہیں ہوسکے گا- مولانا جالندھری نے کہا کہ آج ہم سب تعزیت کے مستحق ہیں اور اللہ کریم کی بارگاہ میں دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو درجات کی بلندی عطا فرمائیں اور امت کو اپنے اولیاء اور علماء کرام کے وجود سے محروم نہ فرمائیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں