30 اگست سے سندھ بھر میں تعلیمی ادارے ایس او پیز کے مطابق کھول دینے کا اعلان

کراچی ( آن لائن ) صوبائی وزیر تعلیم سردار شاہ اور گرینڈ الائنس آف پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشنز سند ھ کے درمیان سندھ میں تعلیمی ادارے فوری کھولے جانے کے حوالے مذاکرات کامیاب ہو گئے۔صوبائی وزیر تعلیم نے اسکولوں کی غیر معینہ مدت کیلئے بندش کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے 30 اگست سے سندھ بھر میں تعلیمی ادارے اسٹاف کی مکمل ویکسینیشن اور 50 فیصد حاضری کے ساتھ ایس و پیز کے مطابق کھول دینے کا اعلان کر دیا اور آئندہ کوئی بھی نوٹیفکیشن وزیر تعلیم کی ہدایت پر جاری کرنے کی یقین دہانی بھی کرادی جس کے بعدگرینڈ الائنس آف پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز سندھ نے تعلیم بچاؤ تحریک کو تمام فیصلوں پر مکمل عملدرآمد تک ملتوی کر دیا ۔تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ کے تعلیمی اداروں کی طویل بندش اور تا حکم ثانی فزیکل کلاسز معطل کرنے کے فیصلے کے خلاف تمام حلقوں سمیت گرینڈ الائنس آف پرائویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز سند ھ کی جانب سے بھرپور احتجاج کیا گیا جس پر وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز سندھ کے وفد کو بات چیت کیلئے بلایا۔ جس میں ڈایکٹر جنرل پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز سندھ ڈاکٹر منسوب حسین صدیقی، رجسٹرار پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز پروفیسر رفیعہ جاوید اور مانیٹرنگ آفیسر اخلاق احمد بھی موجود تھے۔ مذاکرات میں اسکولز ایسوسی ایشنز کے سربراہان کی جانب سے مطالبات پیش کئے گئے کہ تا حکم ثانی اسکول بند کرنے کا نوٹیفکیشن واپس لیا جائے، اسکولز کو اسٹاف بلانے اور تعلیمی منصوبہ بندی اور انتظامی امور کے لیے اسکول فوری طور پر کھولنے کا اعلان کیا جائے، ڈویژنل کمشنرز کو محکمہ تعلیم کی جانب سے خط لکھاجائے کہ تعلیمی اداروں کو محکمہ تعلیم کی ہدایات کے مطابق کام کرنے میں ضلعی انتظامیہ مداخلت نہ کرے ،تعلیمی سرگرمیوں کی مسلسل بحالی اور اسکولز کے مستقل بنیادوں پر کھلے رکھنے کی ٹھوس یقین دہانی کرائی جائے اور تعلیمی اداروں سے متعلق فیصلے باہمی مشاورت کے بعد کیے جائیں۔وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے تمام مطالبات کو غور سے سنا اور ان مطالبات کو جائز قرار دیا۔ تفصیلی گفتگو کے بعد اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ 30 اگست سے سندھ بھر میں تعلیمی ادارے اسٹاف کی مکمل ویکسینیشن اور 50 فیصد حاضری کے ساتھ ایس و پیز کے مطابق کھول دئیے جائیں گے،بدھ25 اگست سے نئے تعلیمی سال کی پلاننگ اور تیاری کے لیے اسکول ویکسینیٹید اسٹاف کے ساتھ کھول دئیے جائیں گے۔ محکمہ تعلیم ہوم ڈیپارٹمنٹ کے توسط سے ڈویڑنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو خط ارسال کروائے گا کہ اسکولوں میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مداخلت نہیں ہونی چاہئے۔ تمام پرائیویٹ اسکولز محکمہ تعلیم کی ہدایات کے مطابق کام کرنے کے پابند ہیں سندھ بھر میں تعلیمی عمل کو مستقل بنیادوں پر بحال رکھاجائے گا جبکہ اسکولز کے توسط سے بھی والدین کو ویکسینیشن کیلئے کہا جائے گااور پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز جب بھی وزیر تعلیم سے ملاقات اور مشاورت کرنا چاہیں گے تو ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز کے ذریعے سے فوری ملاقات کی جا سکے گی اور یہ کہ اسٹیرنگ کمیٹی اور اس کی ورکنگ کمیٹی کی میٹنگز کی مدد سے مسلسل رابطے میں رکھا جائے گا۔بعد ازاں وزیر تعلیم سندھ نے پریس کانفرنس میں ان فیصلوں کا اعلان کیا۔ ان فیصلوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے گرینڈ الائنس آف پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز سندھ کے رہنماؤں علیم قریشی، ڈاکٹر نجیب میمن، طارق شاہ،شہزاد اختر، ناصر زیدی، آصف خان، حیدرعلی اور دیگر نے وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ اور ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز کے افسران سے اظہار تشکر کیا اور اعلان کیا سندھ میں تعلیم بچاؤ تحریک کو اس اعتماد پر روکا جارہا ہے کہ ان تمام فیصلوں پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close