پیپلز پارٹی مردم شماری کا بہانہ بنا کر سندھ پر اپنی آمریت مسلط رکھنا چاہتی ہے، نعیم الرحمن

کراچی(آن لائن)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کراچی سمیت سندھ بھر میں بلدیاتی انتخابات کروانے کے حوالے سے سندھ حکومت کے مؤقف پر اپنے شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اس موقف اور تاخیری حربے کو یکسر مسترد کرتی ہے،پیپلز پارٹی مردم شماری کا بہانہ بنا کر سندھ کے شہروں خصوصاً کراچی پر اپنی آمریت مسلط رکھنا چاہتی ہے، پیپلز پارٹی کے جمہوری لبادہ میں سندھ پر اصلاً جاگیرداروں اور سرداروں کی آمریت ہے، اگر پیپلز پارٹی جمہوریت پر یقین رکھتی تو 18ویں ترمیم کے بعد اضلاع کو اور نچلی سطح پر عوام کو اقتدارضرور منتقل کرتی۔ہمارا مطالبہ ہے کہ فی الفور بلدیاتی انتخابات کا اعلان کیا جائے کراچی کے گھمبیر مسائل کے حل کے لیے بااختیار شہری حکومت کا قیام یقینی بنایا جائے اور اس کے لیے موجودہ بلدیاتی ایکٹ بھی ختم کیا جائے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد عوام کا حق ہے لیکن تینوں حکمران پارٹیاں نہیں چاہتی کہ بلدیاتی انتخابات ہوں،پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی نے نہ صرف بلدیاتی انتخابات نہ کروانے پر اتحاد کیا ہوا ہے بلکہ کراچی کے عوام کو ان کے جائز اور قانونی حقوق دینے پر بھی یہ پارٹیاں تیار نہیں ہیں،کراچی کی آبادی ساڑھے تین کروڑ سے زائد ہوچکی ہے لیکن مردم شماری کے حتمی نتائج میں اس کی آدھی آبادی غائب کردی گئی، پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم اس ناانصافی اور زیادتی کی ذمہ دار ہیں،پیپلزپارٹی اور سندھ حکومت بھی کراچی کی آبادی آدھی کرنے پر تو نہ کوئی اعتراض کرتی ہے اور نہ اہل کراچی کے جائز حق کے لیے آواز اٹھاتی ہے لیکن بلدیاتی انتخابات مسلسل تاخیر کا شکار کرنے کے لیے مردم شماری کو ہی بہانہ بناتی ہے جو اس کے دہرے معیار کا واضح ثبوت ہے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ سندھ حکومت بلدیاتی انتخابات کروانے کے بجائے سیاسی ایڈمنسٹریٹر لگاکر کراچی پر اپنا کنٹرول بڑھانا اور قبضہ جمانا چاہتی ہے۔بلدیاتی اداروں کو ختم ہوئے ایک سال ہوگیا ہے لیکن سندھ حکومت نے اس دوران بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں اور ان کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے عملاً کوئی اقدامات نہیں کیے بلکہ اپنا پارٹی ایڈمنسٹریٹر لگانے کے بعد اب ضلعی سطح پربھی ایدمنسٹریٹرز تعینات کردیے گئے ہیں اور تمام بلدیاتی اختیارات اور وسائل خود اپنے ہاتھ میں لے کر ان کو استعمال کرنے کی تیاریاں کررہی ہیں،جو کہ عوام کے ساتھ سراسر زیادتی اور ناانصافی ہے۔جماعت اسلامی اسے ہرگز قبول نہیں کرے گی اور سندھ حکومت کی ان کوششوں اور عزائم کے خلاف عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے مؤثر اور توانا آواز اٹھائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close