ہمیشہ سیاستدانوں نے ہی اسٹیبلشمنٹ کو دعوت گناہ دی، خواجہ آصف

اسلام آباد (آئی این پی)مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کو دعوت گناہ ہمیشہ سیاستدانوں نے دی ہے اس لیے ہمیں صرف اسے مورد الزام نہیں ٹھہرانا چاہیے، ملک میں آئین کی حکمرانی اور لوگوں کی رائے کا احترام ہونا چاہیے، پارٹی میں دو قسم کی سوچ ہے لیکن میں کسی ایک کے ساتھ نہیں ہوں پارٹی میں آخری فیصلہ نوازشریف کا ہوتا ہے، مریم نواز کے جلسوں میں لوگ شرکت کرتے ہیں مگر 70 فیصد ووٹرز جلسوں میں نہیں جاتے ان تک پہنچنا ایک الگ سائنس ہوتا ہے ، افغان طالبان کے ساتھ پاکستان کا ایک اچھا تعلق ضرور ہے اور مجھے امید ہے کہ پاکستان کا اچھا کردار پھل ضرور دے گا،افغانستان میں ہزیمت اٹھانے کے بعد مغرب کو افغانستان میں انسانی حقوق یاد آگئے مگر کشمیر اور فلسطین میں جو ہورہا ہے اس پر کسی کا ضمیر نہیں جاگتا ، چین سی پیک کو افغانستان تک بڑھانا چاہتا ہے اور مجھے امید ہے کہ اس کے لیے اب حالات سازگار ہوجائیں گے۔ منگل کو ایک نجی ٹی وی کو دیئے گئے خصوصی انٹرویومیں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اگر سیاستدان آئینی حدود میں رہتے ہوئے اسٹیبلشمنٹ کا ساتھ دینا بند کردیں تو سیاست میں اس کا کردار خود بخود ختم ہوجائے گا۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ملک میں آئین کی حکمرانی اور لوگوں کی رائے کا احترام ہونا چاہیے، ہمارے ووٹ کو عزت دو کے نعرے کامطلب صاف شفاف الیکشن ہے۔انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کو جو رول آئین نے تفویض کیا ہے وہ وہی ادا کرے اور میں اس رول کو احترام کی نظر سے دیکھتا ہوں۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جنہوں نے ملک کے لیے قربانیاں دی تھیں وہ دنیا سے چلے گئے ہیں جبکہ ہم اپنے گروہی اور ذاتی مفادات کے لڑائی لڑرہے ہیں ملک کے لیے کوئی نہیں لڑرہا۔رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ پارٹی میں دو قسم کی سوچ ہے لیکن میں کسی ایک کے ساتھ نہیں ہوں پارٹی میں آخری فیصلہ نوازشریف کا ہوتا ہے۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ مریم نواز کے جلسوں میں لوگ شرکت کرتے ہیں مگر 70 فیصد ووٹرز جلسوں میں نہیں جاتے ان تک پہنچنا ایک الگ سائنس ہوتا ہے۔افغانستان کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے خواجہ آصف نے خیال ظاہر کیا کہ یہ سب کچھ دوحہ معاہدے کا حصہ ہے اور انڈراسٹینڈنگ کے تحت ہوا ہے۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ نئی امریکی انتظامیہ کو حقیقت کا احساس ہوگیا تھا کہ انہیں اس خطے سے نکل جانا چاہیے۔سابق وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ افغان طالبان کے ساتھ پاکستان کا ایک اچھا تعلق ضرور ہے اور مجھے امید ہے کہ پاکستان کا اچھا کردار پھل ضرور دے گا۔انہوں نے کہا کہ امریکا طاقت کے نشے میں تھا اور اسے زمینی حقیقت کا اندازہ نہیں تھا اس لیے اس کے اندازوں پر سوال اٹھا۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ کہ افغانستان میں ہزیمت اٹھانے کے بعد مغرب کو افغانستان میں انسانی حقوق یاد آگئے مگر کشمیر اور فلسطین میں جو ہورہا ہے اس پر کسی کا ضمیر نہیں جاگتا۔انہوں نے کہا کہ چین سی پیک کو افغانستان تک بڑھانا چاہتا ہے اور مجھے امید ہے کہ اس کے لیے اب حالات سازگار ہوجائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close