واشنگٹن (آئی این پی)امریکہ فائزر ویکسین کی 30 لاکھ خوراکیں پاکستان بھیج رہا ہے۔برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق وائٹ ہاس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ امریکہ منگل کو کوویکس گلوبل ڈسٹری بیوشن پروگرام کے ذریعے کووڈ 19 ویکسین کی 30لاکھ سے زائد خوراکیں پاکستان بھیجے گا۔اس طرح امریکہ کی جانب سے پاکستان کو بھیجی جانے والی خوراکوں کی کل تعداد85 لاکھ قریب پہنچ جائے گی۔ عہدیدار نے بتایا کہ دونوں ممالک کی سائنسی ٹیموں اور قانونی و ریگولیٹری حکام نے مل کر کام کیا تاکہ فائزر اور جرمنی کی بائیو ٹیک کے ذریعے بنائی گئی 30 لاکھ چھ ہزار 900 خوراکوں کی فوری ترسیل کو یقینی بنایا جاسکے۔عہدیدار نے کہا کہ بائیڈن ہیرس انتظامیہ سمجھتی ہے کہ اس وبائی مرض کا دنیا بھر سے خاتمہ ضروری ہے۔خیال رہے کہ یہ کھیپ امریکی ویکسین ڈپلومیسی کی کوششوں کا حصہ ہے جس میں درجنوں ممالک کو ویکسین بھیجی گئی ہے۔عہدیدار نے بتایا کہ ویکسین کی یہ خوراکیں عالمی ادارہ صحت کے زیر انتظام کوویکس پروگرام کے ذریعے فراہم کی جائیں گی۔پاکستان میں کووڈ 19 سے کل 24 ہزار 923 اموات ہوئی ہیں جبکہ 11 لاکھ 20 ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں۔ حالیہ ہفتوں میں انفیکشن کی شرح میں اضافہ تیزی سے منتقل ہونے والے ڈیلٹا ویرینٹ کی وجہ سے ہے۔ برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق پاکستان کی 22 کروڑ کی آبادی میں سے اب تک صرف 6.2 فیصد کو مکمل ویکسین لگائی گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں