وزیر خارجہ چارملکی دورے کے پہلے مرحلے میں تاجکستان پہنچ گئے،دوشنبہ ہوائی اڈے پرشاندارخیرمقدم

دوشنبے (آئی این پی )وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی ،اپنے چارملکی دورے کے پہلے مرحلے میں، تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے پہنچ گئے۔دوشنبہ ہوائی اڈے پر ،تاجکستان کے نائب وزیر خارجہ، فرھاد سلیم، تاجکستان میں پاکستان کے سفیر عمران حیدر اور پاکستانی سفارت خانے کے سینیئر افسران نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔وزیر خارجہ آج تاجکستان کے دارالحکومت دشنبے میں تاجک ہم منصب سراج الدین مہرالدین کے ساتھ ملاقات کریں گے ۔وزیر خارجہ، صدارتی محل جائیں گے اور تاجکستان کے صدر امام علی رحمان کے ساتھ ملاقات کریں گے ۔ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ ، افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی۔ وزیر خارجہ کے اس چار ملکی دورے کا مقصد ، افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں،علاقائی سطح پر درپیش مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور متفقہ لائحہ عمل اپنانے کیلئے خطے کے ہمسایہ ممالک کے ساتھ مشاورت کرنا ہے ۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی ،یہ دورہ وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر کر رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں