کروناویکسین نہ لگوانے والوں کی موبائل سمیں بند، حکومت نے ڈیڈ لائن جاری کر دی

پشاور (پی این آئی ) صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے کورونا ویکسین نہ لگوانے والے شہریوں کی موبائل سم بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق پشاور کی انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو آگاہ کیا گیا ہے کہ 31 اگست تک کورونا ویکسین لگوانے کی مہلت دے رہے ہیں ، اس مقصد کے لیے گھر گھر جاکر ویکسین لگا رہے ہیں ، اس دوران کورونا کی روک تھام کے لئے عوام ویکسین لگوا لیں ورنہ سمز بلاک کر دی جائیں گی۔بتایا گیا ہے کہ پشاور سمیت صوبے بھر میں کورونا مثبت کیسز کی شرح میں اضافہ مسلسل جاری ہے ، جہاں پشاور میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 27 فیصد کے قریب پہنچ گئی ہے جب کہ صوبے کے دیگر شہروں میں سب سے زیادہ شرح ایبٹ آباد میں ریکارڈ کی گئی ، اس کے علاوہ اورکزئی میں 19 اور لوئر چترال میں 9 فیصد کورونا مثبت کیسز ہیں ، مردان میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 16 فیصد اور کوہاٹ میں 15 فیصد بتائی گئی۔واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا کے وار جاری ہیں ، جہاں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس سے 80 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 25 ہزار 3 ہوگئی جب کہ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 11 لاکھ 27 ہزار 584 ہوگئی اور گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 772 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 80 ہزار 844، سندھ میں 4 لاکھ 20 ہزار 955، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 57 ہزار 148، بلوچستان میں 31 ہزار 845، گلگت بلتستان میں 9 ہزار 656، اسلام آباد میں 96 ہزار 390 جبکہ آزاد کشمیر میں 30 ہزار 746 کیسز رپورٹ ہوئے۔این سی او سی کے مطباق پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 80 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 25 ہزار 3 ہوگئی ، پنجاب میں 11 ہزار 557، سندھ میں 6 ہزار 612، خیبرپختونخوا میں 4 ہزار 797، اسلام آباد میں 852، بلوچستان میں 335، گلگت بلتستان میں 170 اور آزاد کشمیر میں 680 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ملک بھر میں کورونا کے باعث اموات کی تعداد 25 ہزار 3ہو گئی ، جب کہ 5 ہزار 390 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close