حکومت کا سکول کھولنے کے حوالے سے ایک اور بڑا یوٹرن، اچانک فیصلہ تبدیل کر لیا گیا

کراچی (پی این آئی ) سندھ حکومت نے تعلیمی ادارے غیرمعینہ مدت تک بند رکھنے کا فیصلہ واپس لے لیا ، کراچی سمیت سندھ بھر میں 30 اگست سے کھلیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم سندھ سردار شاہ سے پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی ، ملاقات میں مشترکہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں اسکولز 30 اگست آئندہ پیر سے کھل جائیں گے ، جس کے لیے پرائیویٹ اسکولز کو عملے اور اساتذہ کی ویکسی نیشن رپورٹ جمع کرانا ہوگی ، اس ضمن میں جمعہ کے روز ورکنگ کمیٹی کا اجلاس ہوگا ، جس کے بعد اسکول کھولنے کا نوٹی فکیشن جاری کیا جائے گا۔وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے پریس کانفرنس میں فیصلوں کا باضابطہ اعلان کیا ، انہوں نے بتایا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں اسکول 50 فیصد حاضری کے ساتھ 30 اگست سے کھلیں گے ، نجی اسکولوں کے 80 فیصد اسٹاف کی ویکسی نیشن ہوچکی ہے ، ویکسی نیٹڈ اسٹاف کو اسکول بلانے کی اجازت دے دی ہے ، جو والدین ویکسین لگواچکے ان کے بچے اسکول جاسکیں گے ، جس کے لیے والدین کو بھی نادرا کاویکسی نیشن سرٹیفکیٹ دکھانا ہوگا ، اس کے علاوہ اسکولوں میں پی سی آر ٹیسٹ کیے جائیں گے۔خیال رہے کہ اس سے پہلےسندھ بھر میں تمام نجی و سرکاری اسکول و کالجز تاحکم ثانی بند رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا ، اس سلسلے میں محکمہ اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی اور محکمہ کالج ایجوکیشن کی جانب سے ایک نوٹی فکیشن بھی جاری کیا گیا ، جس میں کہا گیا کہ کورونا کے پیش نظر کراچی سمیت سندھ بھر کے نجی و سرکاری اسکول اور کالجز تاحکم ثانی بند رہیں گے ، کالجز میں بورڈز کی جانب سے جاری شیڈول کے تحت امتحانات ہوں گے، کالجز کی بندش کے دوران کالج پرنسپل کو کالج کی صفائی ستھرائی کے لئے ضروری عملے کو طلب کرنے کی اجازت ہے تاہم اب سندھ حکومت نے تعلیمی ادارے غیرمعینہ مدت تک بند رکھنے کا فیصلہ واپس لے لیا ، جس کے بعد کراچی سمیت سندھ بھر میں 30 اگست سے کھلیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close