کابل ایئرپورٹ کے قریب بھگدڑ 7 افراد ہلاک،متعدد زخمی

کابل(آئی این پی ) افغانستان کے دارالحکومت کابل کے ایئرپورٹ کے قریب بھگدڑ سے 7 افراد ہلاک ہو گئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ملک چھوڑنے کے خواہشمند ہزاروں افراد اب بھی کابل ایئرپورٹ کے باہر جمع ہیں اور اسی دوران بھگدڑ کا واقعہ پیش آیا۔ بھگدڑ کے واقعے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ دوسری طرف امریکا نے افغانستان میں موجود اپنے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ کابل ایئرپورٹ کی جانب سے جانے سے اجتناب برتیں۔ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ اس ہوائی اڈے کے دروازوں کے قریب ‘ممکنہ سکیورٹی خطرات موجود ہیں۔ ایک ہفتے قبل کابل پر طالبان کے قبضے کے بعد سے حامدکرزئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر افراتفری کے مناظر دیکھے جا رہے ہیں، جہاں ہزاروں افراد افغانستان سے نکلنے کی کوششوں میں ہیں۔ امریکی حکام کے مطابق طالبان کی جانب سے ملک سے فرار ہونے کی کوشش کرنے والے افراد کو پیٹنے اور ہراساں کرنے کے واقعات بھی سامنے آ رہے ہیں۔ اسی تناظر میں صدر جوبائیڈن کو ایک خصوصی بریفنگ بھی دی گئی ہے۔ وائٹ ہاس کے ایک ترجمان کے مطابق اگست کے اختتام تک شہریوں کو نکالنے کا یہ عمل مکمل کر لیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں