رکشہ میں لڑکی کیساتھ بدتمیزی، آخرکار لڑکوں کو گرفتار کر لیا گیا

لاہور (پی این آئی ) لاہور میں چنگچی رکشہ میں لڑکی سے بدتمیزی کے واقعے میں پولیس نے 2 افراد کو حراست میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق موٹر سائیکل رکشے میں لڑکی سے اوباش نوجوان کی بدتمیزی کے واقعے کا مقدمہ درج کرنے کے بعد 2 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ لڑکی کے بارے میں معلومات نہ ہونے پر واقعے کا مقدمہ ایس ایچ او تھانا لاری اڈا کی مدعیت میں درج کیا گیا ، مقدمے میں 354 اور 509 سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں جو ہراسگی اور دست درازی جیسے جرائم پر مشتمل ہیں لیکن پولیس کی جانب سے گرفتار ملزمان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔اسی حوالے سے ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ چنگچی رکشہ میں خاتون سے ایسی شرمناک حرکت کرنے والا بچ نہیں پائے گا ، واقعے کی سائنسی بنیاد پر تحقیقات کرائی جائیں گی جب کہ اقبال پارک واقعے میں بھی 20 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے ، جس کی شکل ویڈیو میں واضح ہے وہ بچ نہیں پائے گا ، پی ٹی آئی حکومت میں کسی پر بھی ظلم برداشت نہیں کیا جائے گا۔واضح رہے یوم آزادی کے موقع پر ممکنہ طور پر لاہور کی شاہراہ پر لڑکی سے بدسلوکی کا ایک اور واقعہ پیش آیا ، جس میں چنگچی رکشے میں بیٹھی دو لڑکیاں جاری رہیں تھیں کہ شاہراہ پر نوجوان لڑکے بھی ہُلڑ بازی کررہے تھے ، ایسے میں لڑکے رکشے میں بیٹھی لڑکیوں پر جملے بھی کس رہے تھے ، تاہم اسی دوران ایک نوجوان ہلڑبازی کرتے ہوئے چنگچی رکشے پر چڑھ کرایک لڑکی کو زبردستی بوسہ کرتا ہے اور فرار ہوجاتا ہے ، اس پر لڑکی ہکا بکا رہ گئی اور رکشے میں بیٹھی دوسری لڑکی چپل اتار انہیں اپنی طرف آنے سے روکتی ہے ، اس افسوسناک منظر کو سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close