جنید صفدر کی شادی سےقبل وائرل ہونے والی تصاویر کی حقیقت سامنے آگئی

لندن (پی این آئی)سابق وزیراعظم نواز شریف کی لندن میں اپنے نواسے جنید صفدر کی شادی میں شرکت، تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں معروف اینکر پرسن اورصحافی غریدہ فاروقی نے نواز شریف کی اپنے نواسے جنید صفدر کی شادی میں شرکت کی تصاویر شیئر کی ہیں۔اپنے ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ سابق وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے لندن میں اپنے نواسے جنید صفدر کی شادی میں شر کت کی۔سوشل میڈیا پر نظر آنے والی اِن تصاویر میں سابق وزیراعظم نواز شریف صحت مند اور تندرست دکھائی د ے رہے ہیں۔ تاہم ان تصاویر کی حقیقت سامنے آگئی ہے اور یہ تصاویر کئی سال پرانی ہیں۔گزشتہ کچھ عرصے سے نواز شریف لندن میں اپنے علاج کے لیے مقیم ہیں، جبکہ حکومت ِ پاکستان انہیں ملک واپس لانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔سوشل میڈیا پر نواز شریف کی تصاویر سامنے آنے سے ایک نیا پینڈورا باکس کھلنے کے خدشے کا بھی اظہار کیا جا رہا ہے۔ کیونکہ گزشتہ دنوں نواز شریف کی اپنے نواسے کا پولو میچ دیکھتے ہوئے بھی چند تصاویر وائرل ہو گئی تھیں، جس پر سیاستدانوں سمیت پاکستانی عوام نے بھی کافی تنقید کی تھی۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کی شادی کی تاریخ طے ہونے سے متعلق اعلان کیا تھا۔انہوں نے اپنے ٹویٹر پر کیے گئے ٹویٹ میں بتایا تھا کہ ان کے بیٹے کا نکاح سیف الرحمن خان کی صاحبزادی کے ساتھ لندن میں ہو گا۔ٹوئٹر پر بیٹے کی شادی کا کارڈ شیئر کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا تھا کہ ’میرے بیٹے جنید صفدر کا نکاح 22 اگست کوعائشہ سیف الرحمن سے لندن میں ہو گا، لیکن بدقسمتی سے میں نکاح میں شرکت نہیں کرسکوں گی۔ میرے خلاف جھوٹے کیسز بنائے گئے اور میرا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیا گیا۔‘انہوں نے مزید کہا تھاکہ میں جیل میں تھی جب میری والدہ کی وفات ہو گئی، اور اب میں اپنے بیٹے کی خوشیوں میں بھی شریک نہیں ہو سکوں گی، لیکن اس کے باوجود حکومت سے باہر جانے کے لیے درخواست نہیں کروں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close