وزیراعظم آزاد کشمیر کا کرپشن کیخلاف بلا امتیاز کارروائی شروع کرنے کا اعلان

اسلام آباد(آئی این پی)وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر گزشتہ کئی سالوں سے محرومیوں کا شکار ہے، عوام کے مسائل کا حل ہماری ترجیح ہے، پی ٹی آئی حکومت عوام کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے اور ریاست سے انتقامی سیاست کا خاتمہ کریں گے، کرپشن کیخلاف بلا امتیاز کارروائی شروع کرنے جا رہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں جموں و کشمیر ہاؤس میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے آزاد کشمیر میں کرپشن کے ریکارڈ قائم کرنے پر زور رکھا، پی ٹی آئی حکومت آزاد کشمیر کے عوام کی لوٹی گئی ایک ایک پائی کا حساب لے گی، کرپشن ایک ناسور ہے جس کے خاتمے کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا، آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ کرپشن ہے، ریاست سے کرپشن کے خاتمے کے لئے بلا امتیاز احتساب کا عمل شروع کریں گے، وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ عمران خان آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں، عمران خان آزاد کشمیر میں سیاحت کے شعبے کو ہنگامی بنیادوں پر ترقی دینا چاہتے ہیں، سیاحت کے فروغ سے آزاد کشمیر میں نوجوانوں کو روز گار کے مواقع ملیں گے، عمران خان کی قیادت میں آزاد کشمیر کے پڑے لکھے نوجوانوں کو روز گار کے مواقع فراہم کریں گے، عمران خان کا ہیلتھ کارڈ پروگرام مثالی ہے، عمران خان عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کے لیے کوشاں ہیں، ریاست میں صحت، تعلیم انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائیں گے، سردار عبد القیوم نیازی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے ہر فیصلے کے دورس نتائج ہیں، عمران خان کا ہر انتخاب منفرد اور موزوں ہے، میرے وزیراعظم بننے سے آزاد کشمیر کے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، میرے وزیراعظم بننے پر کسی بھی سطح پر مخالفت سامنے نہیں آئی ریاست کے ہر طبقے نے عمران خان کے فیصلے کو دل سے تسلیم کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں