اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مقیم خاتون امریکی شہری سنتھیا رچی کا معدہ صاف کرکے مواد تجزیے کیلئے لیبارٹری بھجوا دیا گیا۔گزشتہ روز سنتھیا رچی اپنے گھر میں پراسرار طور پر بے ہوش ہوگئی تھیں اور طبیعت نہ سنبھلنے پر انہیں آئی سی یو منتقل کیا گیا تھا۔اسپتال حکام کے مطابق سنتھیا رچی پولی کلینک اسپتال میں زیر علاج ہیں، گزشتہ شام بے ہوشی کے بعد سے اب ان کی طبیعت بہتر ہے، ان کی میڈیکل رپورٹ کے معائنے کے بعد انہیں گھر بھجوایا جائے گا۔اسپتال میں ڈاکٹرز نے سنتھیا کا معدہ صاف کرکے مواد تجزیے کیلئے لیبارٹری بھجوا دیا گیا۔اسپتال میں زیرِعلاج سنتھیا رچی کا کہنا ہے کہ انہیں نشہ آور چیز دی گئی تھی۔دوسری جانب وفاقی پولیس کے حکام کا کہنا ہے کہ سنتھیا رچی میڈیکل رپورٹ کے انتظار میں ہیں جس کے مطابق ہی وہ قانونی کارروائی کا فیصلہ کریں گی۔پولیس حکام نے بتایا کہ سنتھیا کی سکیورٹی کیلئے اسپتال میں اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔خیال رہے کہ سنتھیا ڈی رچی ماضی میں پیپلز پارٹی کے رہنما رحمان ملک پر زیادتی کا الزام لگا چکی ہیں جبکہ انہوں نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق وزیر داخلہ مخدوم شہاب الدین پر بھی ہراسانی کے الزامات عائد کیے تھے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں