لاہور (پی این آئی ) پاکستان تحریک انصاف کی پنجاب حکومت نے ناراض ساتھیوں کو منانے کیلئے نئی حکمت عملی اپنا لی ، ترجمان صوبائی حکومت فیاض الحسن چوہان کو ترین گروپ کو منانے کے حوالے سے اہم ٹاسک سونپ دیا گیا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان ترین گروپ کے ارکان سے رابطے کر رہے ہیں ، اس سلسلے میں فیاض الحسن چوہان نے ترین گروپ کے عبدالحئی دستی اور سردار خرم لغاری سے رابطہ کیا ہے اور ان سے جلد ہی ملاقات بھی کریں گے ، اس کے علاوہ صوبائی ترجمان ترین گروپ کے دیگر ارکان سے بھی مرحلہ وار رابطہ کریں گے۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ فیاض الحسن چوہان وزیر اعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر جہانگیر ترین گروپ سے رابطے کر رہے ہیں ، جس کا مقصد ان ارکان کو رابطوں کے ذریعے پارٹی ڈسپلن کا پابند بنانا ہے ، جس کے لیے ان کے علاقائی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان کو حال ہی میں پنجاب حکومت کا ترجمان مقرر کیا گیا ، فیاض الحسن چوہان کو پنجاب حکومت کا ترجمان مقرر کرنے کی منظوری وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے دی جب کہ ترجمان مقرر کیے جانے کے بعد فیاض الحسن چوہان کے پاس صوبائی وزیر جیل خانہ جات کا چارج بھی رہے گا تاہم وزارت اطلاعات و نشریات وزیراعلیٰ پنجاب کے پاس ہی رہے گی۔واضح رہے وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا ، فردوس عاشق اعوان نے اپنا استعفیٰ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو بھجوا دیا ، فردوس عاشق اعوان کی خواہش پر انہیں وفاق میں ذمہ داری دی جائے گی ، وزارتوں سے متعلق حتمی فیصلہ وزیراعظم آئندہ ہفتے دورہ لاہور کے دوران کریں گے ، فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قیادت جس جگہ مناسب سمجھے گی میں وہاں پر ذمہ داری ادا کرنے کیلئے تیار ہوں۔دوسری طرف معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان کے استعفی کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ، جس سے معلوم ہوا ہے کہ حکومت نے جہانگیر ترین گروپ کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ فردوس عاشق اعوان پارٹی کے اندر ٹکراؤ کے حق میں نہیں تھیں ، اس لیے ترین گروپ کو بھرپور جواب دینے کے لیے فیاض الحسن چوہان کو میدان میں اتارا جائے گا، ترین گروپ کو ٹف ٹائم دیا جائے اسی وجہ سے فردوس عاشق اعوان کا استعفی فوری قبول کیا گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں